Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آلودگی سے چھٹکارا: لندن میں سامان ڈھونے کیلئے ای بائیک کی مقبولیت بڑھ گئی

مقامی انتظامیہ اور کاروباری ادارے الیکٹرک بائیک کے استعمال کو ترجیح دے رہے ہیں
شائع 21 دسمبر 2023 03:38pm

لندن میں کاروباری ادارے مال برداری کے لیے بجلی سے چلنے والی سائیکل کی خدمات حاصل کررہے ہیں۔ جو ادارے اپنے مال کی ترسیل کے لیے وین استعمال کیا کرتے تھے وہ اب دو اور تین پہیوں والی سواری کو ترجیح دے رہے ہیں۔

لندن میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک چلانے والے ادارے ٹرانسپورٹ فارلندن نے سال رواں کے اوائل میں پہلا کارگو بائیک ایکشن پلان متعارف کرایا تھا۔ مقامی حکومت کا یہ ادارہ چاہتا ہے کہ سامان کی ترسیل کے لیے لوگ الیکٹرک بائیک کے استعمال کو ترجیح دیں۔

کووڈ کے زمانے میں آن لائن ڈلیوریز بڑھنے سے لندن میں آلودگی بھی بڑھ گئی تھی۔ یہی سبب ہے کہ مقامی حکومت بڑی لوڈنگ گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے۔

لاک ڈاؤن کے دوران الیکٹرک کارگو بائیک کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا۔ لندن کے میئر صادق خان 2030 تک لندن کو کاربن سے مکمل پاک دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ تب تک الیکٹرک کارگو بائیک کے استعمال سے لندن میں کاربن ڈایوکسائیڈ کے استعمال میں 30 ہزار ٹن کی کمی ممکن بنائی جاچکی ہوگی۔

لندن کے ایک پلمبر ہیوم رائٹ کا کہنا ہے کہ اس کے پاس ایک ڈیزل ٹرک ہوا کرتا تھا۔ دو سال قبل اس نے الیکٹرک کارگو بائیک خریدی اور تب سے اب تک وہ زیادہ مصروف رہا ہے۔

ہیوم رائٹ نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ڈیزل ٹرک کے مقابلے میں لندن کی سڑکوں پر الیکٹرک کارگو بائیک چلانا بہت آسان ہے۔ کام بھی زیادہ مل رہا ہے یعنی آمدنی بڑھ گئی ہے۔

الیکٹرک کارگو بائیک چلانے والوں کا کہنا ہے کہ وہ عام طور پر ٹریفک جام میں بھی نہیں پھنستے۔ بڑی گاڑیوں میں تجارتی سامان کی ترسیل پر مامور افراد کا زیادہ وقت ٹریفک جام میں ضائع ہو جاتا ہے۔

ہیوم رائٹ نے گیارہ سال تک ٹرک اوردیگر بڑی گاڑیوں پرانحصار کیا مگر اب وہ قدرے پرسکون اندازسے زیادہ کام کر رہا ہے۔ بہت سے کاریگر الیکٹرک بائیک بھی چلاتے ہیں تاکہ کہیں کام کے لیے بلایا جائے تو مطلوبہ سامان کی ترسیل کے لیے اضافی وصولی کریں۔

بیسویں صدی کے وسط تک شمالی یورپ میں کارگو بائیک مقبولیت سے ہم کنار تھی۔ بعد میں گاڑیوں کی تعداد بڑھنے سے لوگوں نے کارگو بائیک کا استعمال ترک کردیا۔ اب الیکٹرک بائیک کی مقبولیت بڑھ ہی ہے۔ 2022 میں ایک لاکھ 65 ہزار یونٹ فروخت ہوئے تھے۔ دی بائسیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مئی 2023 تک ایک سال کے دوران ای کارگو بائیک کی فروخت میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تجارتی مال کی ترسیل کا ادارہ زیرو بھی ای بائیک کا استعمال بڑھانے کے حق میں ہے۔ دوسرے بہت سے ادارے بھی اسی راہ پر گامزن ہیں۔

london

E BIKES