Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

کوہلو میں پاکستان زندہ باد کے نعرے، ریاستی اداروں کیخلاف نعرے بازی مسترد

ریاستی اداروں کے خلاف وال چاکنگ اور اشتعال پیدا کرنے کی بھی اجازت نہیں دیں گے، شرکاء
شائع 20 دسمبر 2023 01:55pm

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں احتجاجی مظاہرے کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے اور ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی کو مسترد کردیا گیا۔

کوہلو میں ہوئے مظاہرے میں قبائلی و سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس دوران فضاء پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

قبائلی رہنما عمر فاروق زرکون نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث علاقے میں امن و امان بحال ہوا ہے۔

میر لیاقت مری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ملک اور وطن کے لئے ہمارے لوگوں کو شہید کیا گیا ہے، جس میں میرے والد شہید جسٹس نواز مری بھی شامل ہیں۔

میر نثار احمد مری نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے جوانوں اور معصوم لوگوں کو بارودی مواد سے شہید کیا گیا، علاقے میں برقرار امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

سابق صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کے خلاف وال چاکنگ اور اشتعال پیدا کرنے کی بھی اجازت نہیں دیں گے، امن کی بحالی کے لئے میرے خاندان کے کئی افراد دہشتگردی کا نشانہ بنے ہیں۔

حاجی میر بہار خان مری نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج اور ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

سابق سینیٹر میر محبت خان مری نے خطاب میں کہا کہ کئی عرصے تک شورش میں رہنے کے بعد علاقے میں امن بحال ہوا ہے۔

kohlu