Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

سرما میں موسمی نزلہ زکام کا علاج گھر پر ہی کریں

زیادہ بڑا مسئلہ نہ ہو تو موسمی نزلہ وزکام کا علاج گھر میں موجود اشیاء سے زیادہ بہترکیا جاسکتا ہے۔
شائع 20 دسمبر 2023 11:14am

موسم تبدیل ہوتے ہی مختلف بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، ماہرین صحت نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث والدین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بچوں کو انفلوئنزا ویکسین لگوانے کی تجاویز دی ہیں۔ اسپتالوں کی او پی ڈی میں آنے والے زیادہ تر بچے نزلہ، زکام، کھانسی، نمونیہ اور سانس لینے میں مشکلات جیسے مسائل میں مبتلا ہیں۔

سردیاں نزلہ وزکام کو اپنے ساتھ لے کر آتی ہیں جس کی بڑی وجہ ٹھنڈی ہوائیں ہوتی ہیں۔ ڈاکٹروں کی مہنگی دواﺅں سے یا تو آرام آجاتا ہے تو کبھی بیماری میں اضافہ بھی ہو جاتا ہے۔ اگر زیادہ بڑا مسئلہ نہ ہو تو موسمی نزلہ وزکام کا علاج گھر میں موجود اشیاء سے زیادہ بہتر اور موثر طریقے سے کیا جاسکتا ہے۔

وہ پانچ وجوہات جو نزلے، زکام کو دعوت دیتی ہیں۔

غیر صحت مند غذا ئیں چینی سے بھرپور ہوتی ہیں اور صحتیابی کے عمل کو سست کر سکتی ہے۔

پانی اور نمکیات کی کمی بھی ایک بڑی وجہ ہے، لہٰذا خوب پانی پیجئے، یہ آپ کو دیگر انفیکشن سے بچاتا ہے۔

زیادہ دباؤ قوت مدافعت کو کمزور کر کے بیماری کے خطرات بڑھاتا ہے۔

تمباکو نوشی بھی نزلہ زکام کے ٹھہر جانے کا ایک اہم سبب ہے۔

کم سونا بھی انسانی جسم میں قوت مدافعت کو متاثر کرتا ہے۔آپ کا جسم مناسب آرام طلب کرتا ہے تاکہ آپ کا جسم وائرس کے خلاف لڑ سکے اور صحت یاب ہو سکے۔

علاج کیسے ممکن

ماہرین صحت اس حوالے سے سے چند اہم نکات بتاتے ہیں جن پرعمل کر کے نزلہ زکام سے خود بھی محفوظ رہا جاسکتا ہے اور بچوں کو بھی بچایا جاسکتا ہے۔

فلو ہونے کی صورت میں وٹامن سی بہت اہم کردار ادا کرتا ہے جس کی یومیہ ایک ہزارملی گرام مقدار لینا بہترین رہتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کینو، مالٹے وغیرہ کھائے جاسکتے ہیں جو اس موسم کی بہترین سوغات ہیں۔

سرد موسم میں بچوں کو اور خود کو دھوپ لگوانی چاہئیے جو ان کیلئے وٹامن ڈی 3 کے حصول کا قدرتی ذریعہ بھی ہوگی۔ یہ وٹامن قدرتی طور پر جسم کی قوتِ مدافعت میں اضافہ کر کے اس وائرس سے بچاتا ہے۔

خالص شہد کا روزانہ کم مقدار میں استعمال بھی بہت مفید ثابت ہوتا ہے، تاہم ایک سال سے کم عمر کے بچوں کو اس کا استعمال نہ کروانا بہتررہتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قوت مدافعت کو مضبوط بنانے کیلئے غذائی نظام کو بہتربنانا بہت ضروری ہے۔

مرغی کا شوربہ یا یخنی نزلہ و زکام اور ٹھنڈ میںمفید خیال کیا جاتا ہے۔ اس سے ناک اور گلے کی سوزش میں بھی فائدہ ہوتا ہے۔ جسم کے سفید خلئے سپاہی کی طرح کام کرتے ہیں جو جسم کو بیمار کرنے والے بیرونی عناصر کی روک تھام کرتے ہیں۔

دودھ میں ہلدی ، تھوڑا سا ادرک کا رس اورچٹکی بھر پسی کالی ملا کر پی لیں، اس سیرپ کو پی کر آپ فوری آرام حاصل کر سکتے ہیں۔

پیازکاٹ کر تلوﺅ ں پر رگڑنے سے نزلہ زکام میں فائدہ ہوتا ہے کیونکہ اس میں بخار کو باہر نکال پھینکنے کی صلاحیت ہوتی ہے

نمک ملے پانی کے غرارے کرنا حلق کی سوزش کےلیے بہتر ہوتا ہے۔

لیموں بھی اینٹی وائرل خصوصیات لیے ہوئے ہے جو فلو کو فوری دور کرسکتا ہے۔اس کیلئے باریک پسی ہوئی ادرک، ایک چائے کا چمچ شہد، پسی ہوئی کالی مرچ اور ایک چمچ لیموں کے رس کو اچھی طرح ملا لیں۔اچھی طرح مکس کرنے کے بعد اس ٹانک کو دن میں دو چمچ پی لیں۔

کالی مرچ ٹھنڈک کو دور کرتی ہے تو شہد کھانسی کو دور کرتا ہے۔ ایک چمچ گرم شہد میں پسی کالی مرچ شامل کریں اورپی لیں۔

Winter Season

flu virus

Throat Infection