مچل اسٹارک آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی، کس ٹیم نے کتنے میں خریدا؟
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں اپنی بولنگ سے بھارتی بلے بازوں کو چت کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے انڈین پریمیئر لیگ 2024 کی نیلامی میں اپنے ساتھی کرکٹر اور آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کو پیچھے چھوڑدیا، جس کے بعد وہ آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے بولر بن گئے۔
آئی پی ایل سیزن 2024 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی تقریب آج 19 دسمبر کو منعقد ہوئی جس میں فرنچائزز نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بہترین کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے میں خرید لیا۔
آئی پی ایل میں پہلے سن رائزز حیدرآباد نے حال ہی میں آئی سی سی ورلڈکپ جیتنے والے کپتان پیٹ کمنز کو ساڑھے 20 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا جس کے بعد کمنز آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بنے۔
اس سے قبل گزشتہ سال انگلش ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر سیم کرن کو پنجاب کنگز ریکارڈ ساڑھے 18 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔
لیکن پیٹ کمنز کا یہ ریکارڈ کچھ منٹوں میں ہی ٹوٹ گیا جب آئی پی ایل میں شاہ رخ خان کی فرنچائز کولکتا نائٹ رائیڈر نے 2024 کے ایڈیشن کے لیے آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو ریکارڈ 24 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خرید کر سب کو حیران کر دیا۔
یوں مچل اسٹارک آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے، اس کے علاوہ چنئی سپر کنگز نے نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کو 14 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا۔
آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ کو کسی ٹیم نے اپنے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا۔
آسٹریلوی کرکٹر پیٹ کمنز نے 8 سال کے طویل عرصے بعد انڈین پریمئیر لیگ میں واپسی کی ہے، وہ بین الاقوامی کرکٹ میں توجہ دینے کے لیے لیگز میں کھیلنے سے گریز کررہے تھے، سال 2018 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ان کی خدمات 9.4 کروڑ روپے میں حاصل کی تھیں تاہم وہ انجری کا شکار ہوکر ٹورنامںٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
مچل سٹارک نے سال 2014 میں اپنے آئی پی ایل کیرئیر کا آغاز رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ کیا تھا، جہاں انہوں نے 28.71 کی اوسب سے 14 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ اگلے برس 13 میچوں میں صرف 14.55 کی شاندار اوسط کے ساتھ 20 وکٹیں لیکر کامیاب بالر رہے تھے۔
Comments are closed on this story.