کامونکی : نالہ ڈیک میں طغیانی سے 3 دیہات میں پانی داخل، درجنوں ایکڑ اراضی زیر آب
کامونکی میں نالہ ڈیک میں طغیانی کی وجہ سے تین دیہات میں پانی داخل ہوگیا۔ درجنوں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی۔ چار دیہات میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کرکے ریسکیو کی ٹیمیں لائف جیکٹس اور کشتیوں کے ساتھ تعینات کردی گئیں۔
بھارت کی طرف سے پانی چھوڑنے کے بعد کامونکی کے علاقہ واہنڈو ، سکھانہ باجوہ تفنالہ اور ٹھٹھہ گلاب سنگھ کے مقام پر نالہ ڈیک میں شدید طغیانی آگئی ہے۔
طغیانی کی وجہ سے تین دیہات میں پانی داخل ہوگیا اور درجنوں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی ہے جبکہ موضع سکھانہ باجوہ میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے نالہ ڈیک کے کنارے کا بڑا حصہ پانی میں بہہ گیا ہے۔
اہل علاقہ اپنی مدد آپ کے تحت کنارہ پکا کرنے کیلئے مٹی ڈالنے میں مصروف ہیں جبکہ انتظامیہ کہیں دکھائی نہیں دے رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر نالہ ڈیک میں شگاف پڑ گیا تو چالیس سے زائد دیہات زیر آب آجائیں گے۔
ممکنہ سیلاب کے پیش نظر واہنڈو ۔ گناعور ۔ سکھانہ باجوہ اور ننگل دونا سنگھ میں چار فلڈ ریلیف کیمپ قائم کرکے لائف جیکٹس اور کشتیوں کے ساتھ ریسکیو ٹیموں کو تعینات کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خبر شائع کرنے کے وقت نالہ ڈیک سے اڑتالیس ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔
Comments are closed on this story.