Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پانچ اعزازات کے ساتھ یورپ کا بہترین ائر پورٹ کون سا

ائر پورٹ کی خدمات شاندار ہیں، امریکی جریدے گلوبل ٹریولر کے 5 لاکھ قارئین کا فیصلہ
شائع 19 دسمبر 2023 04:13pm

ترکیہ کے استنبول ایئر پورٹ نے پانچ ایوارڈز کے ساتھ یورپ کے بہترین ائر پورٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔ کھانے پینے اور شاپنگ سمیت پانچ معاملات میں استنبول ایئر پورٹ شاندار خدمات انجام دے رہا ہے۔

امریکا کے معروف جریدے گلوبل ٹریولرنے سالانہ لیزیور لائف اسٹائل ایوارڈز کے موقع پر ایک سروے میں استنبول ائر پورٹ کو یورپ بھر میں بہترین قراردیا ہے۔

گلوبل ٹریولرمیگزین کے قارئین کا کہنا ہے کہ استنبول ائر پورٹ بہترین فوڈ اور شاپنگ ایریا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی فری شاپنگ کا بھی بہترین تجربہ فراہم کرتا ہے۔

سروے میں پانچ لاکھ سے زائد قارئین نے حصہ لیا۔ ان قارئین کی اکثریت نے متعدد ممالک کا سفر کیا ہے اور کئی ائر لائنز سے مستفید ہونے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق گلوبل ٹریولر کا اوسط قاری سال بھر میں 18 بار اندرونی سفر کرتا ہے جبکہ 96 فیصد قارئین باقاعدگی سے بیرونی سفر بھی کرتے ہیں۔ ان میں سے 80 فیصد ہر سال 80 دن سے زائد کسی فور اسٹار یا فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کرتے ہیں۔

استنبول ائر پورٹ کے کمیونی کیشنز ڈائریکٹر گوکھان سینگل کہتے ہیں کہ گلوبل ٹریولر جیسے باوقار جریدے کے قارئین کی طرف سے بہترین قرار دیا جانا ایک بڑا اعزاز ہے۔

استنبول ائر پورٹ کو دوسری بار بہترین ٹرانسفرائر پورٹ قرار دیا گیا ہے جبکہ ویئریور ایوارڈز میں اسے ایک بارپھر بہترین خاندان دوست ائر پورٹ بھی قرار دیا گیا۔

award

Istanbul

travel