مودی نے دیہاتی خاتون سے متاثر ہو کر الیکشن لڑنے کی پیشکش کردی
بھارتی وزیراعظمنریندر مودی ایک دیہاتی خاتون کی جدوجہد سے اس قدر متاثر ہوئے کہ اسے الیکشن لڑنے کی پیشکش کردی۔
نریندر مودی نے چھوٹے سرکاری قرضوں کی اسکیم سے مستفید ہونے والی خواتین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چندا دیوی نامی اس خاتون نے اپنے تعارف میں بتایا کہ اُس نے 15 ہزار روپے کے سرکاری قرض سے کھیتی باڑی شروع کی۔ یہ تجربہ کامیاب رہا تو وہ سرکاری قرضہ چکانے کے ساتھ ساتھ اپنے اہلِ خانہ کا معیار زندگی بلند کرنے میں بھی کامیاب ہوئی۔
بارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والی چندا دیوی کی سالانہ بچت اب کم و بیش سوا لاکھ ہے۔
چندا دیوی کو اس کے علاقے کی خواتین ”سکھی“ کے نام سے جانتی ہیں۔ اپنی مدد آپ کے تحت کام کرنے والے ایک گروپ کے ذریعے اس نے متعدد خواتین کو مالی طور پر خود مختار بننے میں مدد دی ہے۔
نریندر مودی نے چندا دیوی کی تقریر سنی تو حیران رہ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی اچھی تقریر تو بہت سے پڑھے لکھے بھی نہیں کر پاتے۔ بھارتی وزیر اعظم نے کہا ہمیں چندا دیوی پر فخر ہے، یہ ہماری ”لکھ پتی دیدی“ ہیں۔
نریندر مودی نے ایک جلسے میں بھی چندا دیوی کو سراہا اور خواتین پر زور دیا کہ وہ اس سے ترقی کی تحریک پائیں۔
Comments are closed on this story.