Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

انتخابی عمل شروع ہوگیا، امیداروں کو کاغذات نامزدگیوں کا اجراء

الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ضروری ہدایات اور رہنمائی جاری کردیں
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2023 08:50pm

عام انتخابات 2024 کے لیے انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہا ہے، ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ کا آج آخری روز ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کا اجراء بھی شروع ہوگیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 20 تا 22 دسمبر ہے۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی توجہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 104 کی طرف مبذول کراتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ خواتین اور غیرمسلموں کے لیے مخصوص نشستوں پر اپنے امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں 22 دسمبر یا اس سے پہلے جمع کرائیں۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 تا 30 دسمبر ہوگی اور اعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی۔

شیڈول کے مطابق امیدواروں کی نظر ثانی فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی جبکہ 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔

اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں 82 کاغذات نامزدگی جاری

ادھر عام انتخابات 2024 کے لیے اسلام آباد میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں 82 کاغذات نامزدگی جاری ہوئے۔

اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں آج مجموعی طور پر 82 کاغذات نامزدگی جاری ہوئے۔

ریٹرننگ افسران نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 46 ، این اے 47 اور این اے 48 کے لیے امیدواروں کو نامزدگی فارم جاری کیے۔

این اے 46 کی نشست کے لیے 13 فارمز جاری ہوئے، این اے 47 کے 34 فارمزجبکہ این اے 48 کے 35 فارمز جاری کیے گئے۔

ملک بھر میں ڈی آ اوز کی ٹریننگ کا آخری روز

ملک بھر کے 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور 859 ریٹرننگ افسران (آر اوز) آج حلف اٹھائیں گے۔

آج الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں ڈی آر اوز کی ٹریننگ کا آخری روز ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں ڈویژنل سطح پر ٹریننگ جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ آفیسرز کی 2 روزہ ٹریننگ کل مکمل کرلی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 859 ریٹرننگ افسران اور 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔

ٹریننگ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران دے رہے ہیں۔

حلف برداری کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے ای سی پی کے ایک اہلکار نے کہا کہ صوبائی الیکشن کمشنر ڈی آر اوز سے حلف لیں گے، جو اس کے بعد اپنے اپنے ضلع میں ہر آر او اور اسسٹنٹ آر او سے حلف لیں گے۔

آر اوز اپنے دائرہ اختیار کے تحت ہر پریذائیڈنگ افسر سے حلف لیں گے اور پریزائیڈنگ آفیسر پولنگ شروع ہونے سے پہلے اپنے دائرہ اختیار کے تحت پولنگ عملے کے ہر رکن کو حلف دلائے گا۔

اسی طرح قانون نافذ کرنے والے ادارے کا سربراہ یا اس کے ذریعہ اختیار دہندہ افسر اس سلسلے میں الیکشن ڈیوٹی پر تعینات ہر اہلکار کو حلف دلائے گا۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ہدایات

الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ضروری ہدایات اور رہنمائی جاری کی ہیں، جن کے مطابق قومی اسمبلی کے امیدوار کی فیس تیس ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کی فیس بیس ہزار روپے ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی ہدالت کے مطابق ایک امیدوار مختلف تجویز کنندگان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانچ کاغذات نامزدگی جمع کراسکتا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ہر امیدوار کے لیے پاکستان کا شہری ہونا ضروری ہے، کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت امیدوار کی عمر پچیس سال سے کم نہ ہو، قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازمی ہے ۔

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election Schedule 2024

Election 2024