Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دے دی

تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن سے پہلے دی گئی ڈیڈلائن میں بھی 24 گھنٹے کی توسیع
شائع 18 دسمبر 2023 08:31pm

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب میں 15300 میل طویل نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دے دی جبکہ محسن نقوی نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن سے پہلے دی گئی ڈیڈلائن میں بھی 24 گھنٹے کی توسیع کردی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی۔

بھل صفائی کا طریقہ کار وضع کرنے کے لیے چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز آبپاشی، زراعت اور مائنز پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کر دی گئی، سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید نے 10 سال بعد ہونے والی بھل صفائی پر بریفنگ دی۔

سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید نے بریفنگ دی دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں منگلا ڈیم کی نہریں 26 دسمبر سے 13 جنوری تک بند ہوں گی، دوسرے فیز میں تربیلا ڈیم کی نہریں 13 جنوری سے 31 جنوری تک بند رکھی جائیں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 26 دسمبر سے پنجاب میں نہروں کی بندش کے بعد تین فیز میں بھل صفائی شروع کی جائے گی، جنوری کے پہلے ہفتے سے صوبہ بھر میں بھل صفائی کا باقاعدہ آغاز ہو گا، صوبہ بھر میں LIMS بھل صفائی کی صورتحال کے سیٹلائٹ امیج مہیا کرے گا، ایری گیشن مانیٹرنگ ایپ پر روزانہ 10 بجے ڈیٹا اپ لوڈ ہو گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بھل صفائی کے دوران پانی چوری کے لیے غیر قانونی چینل ملنے پر پولیس مقدمہ درج کر کے کارروائی کرے گی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ بھل صفائی کی تکمیل سے 3 سے 4 لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی میسر ہو گا، مہم کے دوران پانی چوری کے لیے غیر قانونی چینل ملنے پر مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

صوبائی وزیر عامر میر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایڈیشنل آئی جی، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، کمشنر اور دیگر حکام اجلاس میں موجود تھے۔

دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے لیے دی گئی ڈیڈلائن میں 24 گھنٹے کی توسیع کردی۔

محسن نقوی نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بدھ کی صبح شروع کیا جائے گا، کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی، تجاوزات کرنے والوں کو 24 گھنٹے مزید دے رہے ہیں تاکہ وہ خود تجاوزات ہٹا دیں اور قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔

Encroachment

lahore

Grand Operation

mohsin naqvi

CARETAKER CM PUNJAB

deadline

canals

Bhal Sanitation Project