Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آرمی چیف سے ملنے سرکردہ پاکستانی امریکن شخصیات دور دراز علاقوں سے پہنچیں، انگریزی اخبار

عشائیے کے شرکا میں وہ پی ٹی آئی رہنما بھی شامل تھے جنہوں نے امریکی کانگریس میں عمران خان کیلئےلابنگ کی تھی
شائع 18 دسمبر 2023 02:49pm
تصویر: انادولو
تصویر: انادولو

امریکا میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے دور افتادہ علاقوں سے آئے ہوئے پاکستانیوں نے ملاقات کی۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے نے کیمونٹی ڈنر کا اہتمام کیا۔ آرمی چیف سے ملاقات کرنے والوں میں نمایاں حیثیت کے حامل سرمایہ کار، ڈاکٹرز، آئی ٹی پروفیشنلز، انجینیرز، ماہرین تعلیم، مالیاتی امور کے ماہرین اور معیشت دان شامل تھے۔

معروف انگریزی اخبار ڈان کے مطابق آرمی چیف سے ملنے چند سرکردہ پاکستانی نژاد امریکی شخصیات کیلیفورنیا اور ٹیکساس جیسی دور افتادہ ریاستوں سے نجی طیاروں میں آئیں۔

اخبار کے مطابق آرمی چیف آج ٹیمپا، فلوریڈا میں واقع سینٹکام ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ امریکی فوجی حکام سے ملاقات کریں گے۔ پاکستانی سفارت خانہ امریکی قانون سازوں اور تھنک ٹینک ماہرین سے جنرل عاصم منیر کی ملاقات کے انتظام میں بھی مصروف ہے۔

آرمی چیف نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لیے 90 لاکھ ڈالر عطیہ کرنے پر پاکستانی نژاد آجر تنویر احمد کو سراہا۔ عشائیے کے بعد تنویر احمد نے ایک ٹوئیٹ میں بتایا ”آرمی چیف سے ملاقات کرنے والوں کی تعداد 70 سے زیادہ تھی۔ ہم نے آرمی چیف سے خاصے غیر رسمی ماحول میں کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے ہماری باتیں توجہ سے سنیں اور تسلی بخش جواب دیئے۔ آرمی چیف سے ملاقات کے خواہش زیادہ تھے۔ اس حوالے سے پاکستانی سفارت کاروں پر غیر معمولی دبائو تھا تاہم سب کو مدعو کرنا ممکن نہ تھا۔“

جنرل عاصم منیر نے سرکردہ پاکستانی نژاد امریکیوں پر زور دیا کہ وہ وطنِ عزیز میں سرمایہ کاری بڑھائیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی سرمایہ کاری اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کائونسل کے توسط سے محفوظ رہے گی۔

جنرل عاصم منیر نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے سفیر ہیں اور مختلف شعبوں میں مادرِ وطن کی شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں۔ عشائیے میں شرکت کرنے والے ایک پاکستانی ڈاکٹر نے بتایا کہ آرمی چیف نے جو کچھ بھی کہا دل سے کہا اور محسوس ہوا کہ انہیں وطنِ عزیز کے مفادات کی فکر دامن گیر ہے۔

امریکا میں پاکستانی طبی ماہرین کی سے بڑی انجمن اے پی پی این اے کے ارشد ریحان نے رائو کامران علی، عتیق صمدانی، مبشر چودھری، آصف قدیر، طاہر بھٹی اور علی ارشد کے ساتھ عشائیے میں شرکت کی۔

ایک اور ڈاکٹر نے بتایا کہ جس جس کو مدعو کیا گیا وہ عشائیے میں شریک ہوا۔ عشائیے کے شرکا میں پاکستان تحریکِ انصاف کے وہ رہنما بھی شامل تھے جنہوں نے امریکی کانگریس میں بانی تحریکِ انصاف کے لیے لابنگ کی تھی۔ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے اس حوالے سے کسی طرح کا احتجاج نہیں کیا۔ ورجینیا سے تعلق رکھنے والے ایک پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ انہیں ہدایت کی گئی تھی کہ آرمی چیف کے دورے کے موقع پر ایسی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہ لیں۔

جنرل عاصم منیر گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں امریکی حکومت اور فوج کی سرکردہ شخصیات سے مل چکے ہیں۔ ان میں وزیر خارجہ انٹونی بلنکن، وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن، نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نیولینڈ، نائب مشیر قومی سلامتی جوناتھن فائنر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو برائون بھی شامل تھے۔

Washington DC

Army Chief General Asim Munir

syed asim munir