Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

طلاق کے بعد دماغی دورے پڑے، دوسری شادی کیلئے والدین کے سامنے ایک شرط رکھی تھی، کرن اشفاق

عمران اشرف نے خود مجھے طلاق دی تھی کیونکہ میں خلع نہیں لینا چاہتی تھی
اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2023 02:22pm
اسکرین گریب: یوٹیوب
اسکرین گریب: یوٹیوب

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول اداکارعمران اشرف کی سابقہ اہلیہ کرن اشفاق حسین ڈار کا نام دوسری شادی کے بعد سے سوشل میڈیا پرخاصا وائرل ہے۔

ماڈل واداکارہ نے رواں ماہ لاہورمیں پاکستان پیپلز پارٹی کے فوکل پرسن اور سیاسی مشیر حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کی ہے۔

گزشتہ روز کرن ٹک ٹاکر کنول آفتاب کے ایک پوڈکاسٹ شومیں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے عمران اشرف سے اپنی طلاق سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

کرن کا کہنا تھا کہ ’ہمارے معاشرے میں طلاق صرف لڑکی کی ہوتی ہے، لوگ اُس لڑکی اور اُس کی فیملی سے ہی پوچھتے ہیں۔ لڑکے سے کوئی نہیں پوچھتا کہ تُم نے طلاق کیوں دی، میری طلاق کے بعد بھی یہی سب کچھ ہوا، لوگوں نے میرے والد اور بھائیوں سے پوچھا، باتیں بنائیں، سوشل میڈیا پر تبصرے کرتے ہوئے صارفین نے مجھے تنقید کا نشانہ بنایا لیکن اُس (عمران اشرف ) سے کسی نے نہیں پوچھا‘۔

عمران اشرف کے ساتھ ازدواجی زندگی کے ناکام تجربے پرروشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’عمران اشرف سے شادی کے دوران مجھے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ میری خراب ازدواجی زندگی کی وجہ سے میرے والدین 5 سال تک سکون کی نیند نہیں سوئے تھے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے والدین میرے لیے پریشان رہتے تھے جبکہ میری والدہ نے مجھے کہہ دیا تھا کہ کرن برداشت کرو، کچھ بھی ہوجائے اپنا گھر بسانا ہے‘۔

اُنہوں نے اپنی والدہ سے متعلق کہا کہ ’میری والدہ کہتی تھی کہ اگر تمہاری طلاق ہوئی تو یہ طلاق دو لوگوں اور دو خاندانوں تک نہیں رہے گی بلکہ یہ ایک قومی خبر بن جائے گی اور پھر ایسا ہی ہوا۔ میری طلاق نیوز چینل اور سوشل میڈیا کی زینت بن گئی، میری دونوں بہنوں کو بھی اپنے سُسرال میں باتیں سُننی پڑیں‘۔

کرن اشفاق نے کہا کہ ’میں طلاق کے بعد ملائیشیا چلی گئی تھی جس پربھی لوگوں نے تنقید کی اور کہا کہ عدت نہیں کی تو میں یہاں بتاتی چلوں کہ میری طلاق اکتوبر میں نہیں بلکہ زبانی طور پر اگست کے آخر میں ہوچکی تھی۔ عمران اشرف نے خود مجھے طلاق دی تھی کیونکہ میں خلع نہیں لینا چاہتی تھی۔ پھر ہم دونوں نے اکتوبر میں سوشل میڈیا پر اپنی طلاق کا اعلان کیا تھا‘۔

اپنی دوسری شادی سے متعلق کرن اشفاق نے کہا کہ ’میں نے طلاق کے بعد سوچ لیا تھا کہ جب تک میرا بیٹا 10 سال کا نہیں ہوجاتا تب تک دوسری شادی نہیں کروں گی کیونکہ طلاق نے میری ذہنی صحت کو بُری طرح متاثر کیا تھا، مجھے دماغی دورے پڑنا شروع ہوگئے تھے‘۔

حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’میرے والد نے بہت کوشش کی لیکن میں دوسری شادی کے لیے راضی نہیں ہوئی، پھر ایک رات تہجد میں والد کو روتا ہوا دیکھا تو میں نے دوسری شادی کے لیے ہاں کردی لیکن والد سے یہی شرط رکھی تھی کہ لڑکا کراچی کا ہونا چاہیے کیونکہ میں اپنے بیٹے سے دور نہیں رہ سکتی تھی‘۔

کرن اشفاق نے اپنے بیٹے کے حوالے سے کہا کہ ’میرا بیٹا کبھی میرے ساتھ رہتا ہے اور کبھی اپنے والد کے ساتھ رہتا ہے۔ میں اور عمران اشرف بیٹے کے تمام ایونٹس میں جاتے ہیں۔ عمران اشرف بیٹے کے معاملے میں سپورٹ کرتے ہیں‘۔

عمران اشرف اور کرن اشفاق کی شادی 2018 میں ہوئی تھی۔ 2022 میں دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں، جس کا باضابطہ اعلان کرن اشفاق نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کیا تھا۔

کرن اشفاق حسین ڈار کے شوہر حمزہ علی چوہدری پیشے کے اعتبار سے ایک کارپوریٹ وکیل اور نوجوان سیاست دان ہیں۔

حمزہ علی چوہدری سابق پاکستانی کرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

Interview

lifestyle

شخصیات

podcast

Imran Ashraf

Second Marriage

Kiran Ashfaque

Kanwal Aftab

Imran Ashraf X Wife