امیتابھ بچن کی فلم کا منظر استعمال کرتے ہوئے بی جے پی کی کانگریس پر تنیقد
بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے امیتابھ بچن کی فلم کا سین استعمال کرتے ہوئے کانگریس کو ملک گیرکراؤڈ فنڈنگ مہم پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کانگریس نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کے لیے وسائل پیدا کرنے کے لیے ”دیش کے لیے عطیہ“ مہم شروع کی ہے۔
بی جے پی نے اس مہم کو کانگریس کے ایم پی دھیرج ساہو سے تشبیہ دی جن کے اڑیسہ اور جھارکھنڈ کے گھروں میں چھاپے کے دوران انکم ٹیکس نے 351 کروڑ روپے سے زیادہ برآمد کیے تھے۔
بی جے پی نے امیتابھ بچن اور قادر خان کی بالی ووڈ فلم، ”انقلاب“ کا حوالہ دیتے ہوئے ”ایکس“ لکھا، ’اس کلپ میں کہانی اور کردار خیالی نہیں ہیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دھیرج ساہو کی پارٹی کیلئے کراؤڈ فنڈنگ پارٹی کی کال سے مشابہہ ہے۔‘
کانگریس کی جانب سے مہم کا اعلان کرنے کے بعد، بی جے پی کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ امیت مالویہ نے پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ایکس پر لکھا، ’کانگریس کی اس بات سے بے وقوف نہ بنیں کہ یہ کراؤڈ سورسنگ مہاتما گاندھی کے تاریخی تلک سوراج فنڈ سے متاثر ہے۔ یہ مہاتما اور تلک دونوں کو داغدار کر دیں گے۔ ان کے پچھلے ٹریک ریکارڈ کو دیکھیں تو عوام کے پیسے کو چوری کرنے اور گاندھیوں کو مالا مال کرنے کی ایک اور کوشش کے سوا کچھ نہیں نکلے گا‘۔
بی جے پی کے قومی ترجمان شہزاد پونا والا نے الزام لگایا کہ جنہوں نے 60 سال تک ہندوستان کو لوٹا وہ اب اسی ملک سے چندہ مانگ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ کانگریس نے ’دیش کے لیے چندہ‘ مہم شروع کی ہے۔
آل انڈیا کانگریس کمیٹی (AICC) کے ہیڈکوارٹر سے جاری ایک پریس کانفرنس میں کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور خزانچی اجے ماکن نے کہا کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے ہندوستانی کم از کم 138 روپے یا اس سے زیادہ عطیہ کر سکتے ہیں۔
وینوگوپال نے کہا کہ کراؤڈ فنڈنگ کی پہل مہاتما گاندھی کے تاریخی ”تلک سوراج فنڈ“ سے متاثر ہے، جو ایک صدی سے زیادہ قبل شروع کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد پارٹی کو ایک ایسا ہندوستان بنانے میں بااختیار بنانا ہے جو وسائل کی مساوی تقسیم اور مواقع سے مالا مال ہو۔
Comments are closed on this story.