لطیف کھوسہ نے پیپلز پارٹی چھوڑ دی، تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان
پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنما سردار لطیف کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں پرامید ہوں نفرتوں کی سیاست ختم ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی خواہش پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں، صرف ملک اور جمہوریت کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا ہے۔
چند ماہ قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے پارٹی پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے عمران خان کی وکالت کرنے پر لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، لطیف کھوسہ کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر پیپلز پارٹی نے ان کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی۔
سردارلطیف کھوسہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نفرتوں کو دفن کرکے نئے سفر کی دعوت دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وکالت اور سیاست عبادت سمجھ کر کی ہے، آئین کے اندر ہر چیز کا حل موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی آئین کی خلاف ورزی ہوئی ریاست کو نقصان پہنچا، ہم نے جب جب آئین سے انحراف کیا ریاست کو نقصان پہنچا۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ توقع ہےعدلیہ انصاف کے ترازو کو تھام کر انصاف کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ادارے ہمارے ہیں، فوج بھی ہماری ہے، آئین میں تمام اداروں کی حدودو قیود متعین ہیں، آئین میں درج ہے کہ فوج سرحدوں کی محافظ ہے اور عوام کے ٹیکسز سے ان کو تنخواہیں ملتی ہیں۔
سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا سچ کی آواز شدت سے بلند کرنے کیلئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ججز کے فرائض میں ہے کہ وہ انصاف فراہم کریں، قانون پر عملداری، آئین کی پاسداری کرنے والا امر ہو جاتا ہے، توقع کرتے ہیں کہ آج عدلیہ برابر کا انصاف کرے گی، 25 کروڑ عوام آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.