Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی ارب پتی گوتم سنگھانیہ اہلیہ کو طلاق کے بعد دولت سے محروم ہوجائیں گے؟

نواز مودی اب طلاق کے لیے کم شرائط پر راضی ہونے پر تیار نہیں ہیں، قریبی ذرائع
شائع 15 دسمبر 2023 08:13pm
فوٹو ــ اے این آئی
فوٹو ــ اے این آئی

بھارتی صنعتکار گوتم سنگھانیہ کو اپنی اہلیہ نواز مودی کو کڑی شرائط کے ساتھ طلاق دینے کے بعد اپنی 75 فیصد دولت سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔

گوتم سنگھانیا اور نواز مودی دونوں بھارت کے معروف کنزیومر برانڈز میں سے ایک ریمنڈ گروپ کے بورڈ ممبر اور پروموٹر شیئر ہولڈرز ہیں۔

گوتم سنگھانیا ریمنڈ لمیٹڈ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر ہیں جبکہ اہلیہ نواز مودی نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہیں۔ ان دونوں کے درمیان ازدواجی علیحدگی نے سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا ہے۔

13 نومبر کو سنگھانیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی بیوی سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ حالات اس وقت خراب ہو گئے جب کچھ دن بعد سنگھانیا کی اہلیہ نے ان پر جسمانی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔

گوتم سنگھانیہ کی اہلیہ فٹنس کوچ ہیں جو اپنی لگژری کشتیوں، اسپورٹس کاروں اور ذاتی جہازوں میں سفر کرنے کے لیے مشہور ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے نواز مودی کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وہ اب طلاق کے لیے کم شرائط پر راضی ہونے پر تیار نہیں ہیں۔

ایک ذریعے نے بی بی سی کو بتایا کہ نواز مودی کا کہنا ہے کہ گوتم نے متعدد لوگوں، دوستوں، ثالثوں، وکلا اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے سامنے 75 فیصد دولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اور اب اس بات سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز مودی کا اصرار ہے کہ ان کی دو بیٹیوں کے مستقبل کو محفوظ رکھنے کے لیے دولت کو ایک ایسے ٹرسٹ میں منتقل کیا جائے جسے بعد میں ختم نہ کیا جا سکے۔

نواز مودی کی یہ بھی خواہش ہے کہ وہ بورڈ کی ممبر رہیں اور انھیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے کہ ان کے شوہر طلاق کے بعد بھی کاروبار کو سنبھالیں۔

یاد رہے کہ گوتم سنگھانیہ اور ان کی اہلیہ نواز مودی کے خراب ازدواجی تعلقات نومبر میں اس وقت سامنے آئے جب نواز مودی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انھیں کمپنی کی دیوالی کی تقریب میں داخل نہیں ہونے دیا گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد انھوں نے اپنے شوہر کے خلاف اپنے اور اپنی چھوٹی بچی پر تشدد کے الزامات لگائے۔

india

Divorced Women

Gautam Singhania