Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

غیر شرعی نکاح کیس: آئندہ سماعت پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی طلب، حکمنامہ جاری

بشری بی بی کو 50 ہزارکے ذاتی مچلکے جمع کرانے کا حکم
شائع 15 دسمبر 2023 10:39am
فوٹو۔۔۔۔۔ پی ٹی آئی ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔ پی ٹی آئی ٹوئٹر

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے غیر شرعی نکاح کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو 18 دسمبر کو طلب کرلیا ہے، جب کہ بشریٰ بی بی کو 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے سینئر سول جج قدرت اللہ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی گزشتہ روز کی سماعت کا ایک صفحہ پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔

تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ بشری بی بی کی ایک روزہ حاضری سے استثنی منظور کیا جاتا ہے، حاضری یقینی بنانے کیلئے بشری بی بی 50 ہزار کے ذاتی مچلکے جمع کرائیں۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں، اور ان کی اسکائپ سے حاضری تکنیکی وجوہات کی وجہ سے نہ ہوسکی، جیل سپریٹنڈنٹ آئندہ سماعت پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری کو یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں: غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار، بشری بی بی کی ذاتی حیثیت میں پیشی کا حکم

عدالتی حکمنامے کے مطابق شکایت اور دیگر دستاویزات کی نقول فریقین کو فراہم کردی گئی ہیں، کیس کی آئندہ سماعت18 دسمبر کو ہوگی۔

گزشتہ روز کی سماعت

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے سینیئر سول جج قدرت اللہ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 14 دسمبر بروز جمعرات کی تھی۔

شکایت کنندہ خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ ہمارے پاس اس کیس میں چار گواہان ہیں، چاروں گواہان کے بیانات ایک ہی دن میں ریکارڈ کروا سکتے ہیں، لہٰذا گواہ پیش کرنے کے حوالے سے ہمیں تاریخ دی جائے۔

جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اس حوالے سے دیکھ لیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بشریٰ بی بی کی گاڑی کو اڈیالہ جیل کے باہر گھیر لیا گیا، مظاہرین کا ’غیر شرعی‘ نکاح پر کارروائی کا مطالبہ

دوران سماعت سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجہ جب کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل نے وکالت نامہ جمع کرادیا۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کردی۔

imran khan

bushra bibi

Nikah Case