اسرائیل کی فوجی اور اہم ویب سائٹس ہیک کرلی گئیں
فلسطینی کے حامی ایک گروپ نے اسرائیلی فوج اور پوسٹل کمپنی کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ویب سائٹس کو ختصر مدت کیلئے ہیک کیے جانے کے بعد ہیکرز کی جانب سے ایک پوسٹ لگائی گئی، جس میں لکھا گیا کہ ’غزہ میں اسرائیلی فوج کی ناانصافی صرف آپ کو دہشتگردی، قتل اور جنگ کے ذریعے نقصان پہنچائے گی اور یہ نقصان زمینی، ہوائی یا الیکٹرانک طور پر ہوگا‘۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ صرف آپ کے گھناؤنے اقدامات، بربریت اور غزہ میں ہمارے مظلوم لوگوں کے قتل کا جواب ہے۔ یہ تو صرف آغاز ہے اور یہاں سے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ہم صرف اپنی سرزمین فلسطین کی سمندر سے دریا تک کی آزادی کو ہی قبول کریں گے۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ اگر آپ کے ساتھ ہماری جنگ ہمیشہ کے لیے جاری رہے تو بھی آپ کو ہم سے قتل و غارت اور دہشت کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
ہیکرز کے اس گروپ نے پوسٹ میں فلسطین کی آزادی کا مطالبہ بھی کیا۔
صہیونی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہیکرز کے اس گروہ یا فرد نے اشارہ دیا ہے کہ وہ اردنی نژاد ہے۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ اردن میں آپ کے بھائیوں سے لے کر غزہ اور فلسطین کے ہمارے لوگوں تک، ہم دل اور عمل سے آپ کے ساتھ ہیں اور یہ ہمارا مقصد اور ہر آزاد مسلمان کا خواب ہے۔
اسرائیلی فوج نے بھی ویب سائٹ ہیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ویب سائٹ کو آف لائن کرنے کے بعد اب دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.