Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
11 Rajab 1446  

افسران سمیت مزید 15صہیونی فوجی ہلاک، اسرائیل نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی

اسرائیلی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، القسام بریگیڈز
شائع 14 دسمبر 2023 09:22am
حزب اللہ کے عسکریت پسندوں کے ساتھ سرحد پار سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظراسرائیلی توپ خانے کا یونٹ شمالی اسرائیل میں بالائی گلیلی میں ایک پوزیشن سے جنوبی لبنان کی جانب فائر کر رہا ہے۔ (تصویر — اے ایف پی)
حزب اللہ کے عسکریت پسندوں کے ساتھ سرحد پار سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظراسرائیلی توپ خانے کا یونٹ شمالی اسرائیل میں بالائی گلیلی میں ایک پوزیشن سے جنوبی لبنان کی جانب فائر کر رہا ہے۔ (تصویر — اے ایف پی)

غزہ میں اسرائیلی افسران سمیت مزید 15 صہیونی فوجی ہلاک ہوگئے، جس کی اسرائیل نے تصدیق کردی ہے۔

اسرائیل نے حماس کے عسکری ونگ قسام بریگیڈ کے ہاتھوں مارے گئے اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ قسام بریگیڈ نے کہا گزشتہ روز شجائیہ میں گولانی بریگیڈ کا کمانڈر، تین میجر اور ایک کیپٹن مارے گئے، جس کی ویڈیو جاری کردی ہے۔

ترجمان قسام بریگیڈ کے مطابق غزہ کے علاقے شجائیہ اور خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے، شمالی غزہ کے علاقے زیتون میں بھی اسرائیلی فوجیوں پر حملے کیے گئے۔

زیتون کی عمارتوں میں مورچہ بند اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ویڈیو میں اسرائیلی ٹینکوں اور گاڑیوں کو قریب سے نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

حملے کے بعد علاقے میں تباہ شدہ اسرائیلی ٹینکوں اور گاڑیوں کی باقیات بکھری پڑی ہیں، القسام بریگیڈز کے مطابق زیتوں کے علاقے سے اسرائیلی فوج اپنا سامان اور اسلحہ چھوڑ کر پسپا ہوگئی۔

غزہ کے مستقبل کی بات چیت میں حماس کو شامل کیے جانے کا مطالبہ

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے مستقبل کی بات چیت میں حماس کو شامل کیا جانا چاہیے، حماس غزہ اور مغربی کنارے میں سیاسی تقسیم کو ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ جنگ کے بعد حماس کے بغیر کوئی بھی انتظام فریب ہوگا، حماس اسرائیل جارحیت ختم کرنے کے لیے کسی بھی بات چیت کے لیے تیار ہے، جنگجو ثابت قدم ہیں اور اسرائیلی فوجیوں کو بھاری نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر حماس امداد کو تیز کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کہتے ہیں دنیا ساتھ نہ بھی دے تب بھی جنگ کریں گے۔

امریکا کو غزہ میں شہریوں کی اموات پر تشویش ہے، جان کربی

امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی کو غزہ کے حالات پر صحافیوں نے گھیرلیا اور سوالات کی بوچھاڑ کردی ہے۔

جان کربی نے کہا امریکا کو غزہ میں شہریوں کی اموات پر تشویش ہے، اسرائیل کو فوجی کارروائی کے خلاف قانونی کارروائی سے آگاہ کردیا ہے، غزہ جنگ اور بمباری پر تحفظات تھے، اپنے خدشات کا اظہار کردیا۔

Hamas

Israel Palestine conflict

Palestinian Israeli Conflict

Gaza War

Hamas Attack

Al Qassam