Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاک ترک فضائی افواج کا تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے جنرل اسماعیل گنیکیا کی ملاقات، نئی راہیں استوار کرنے پر تبادلہ خیال
شائع 13 دسمبر 2023 09:34pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر

پاکستان اور ترکیہ کی فضائی افواج نے موجودہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ترک فضائیہ کے کمبیٹ کمانڈرجنرل اسماعیل گنیکیا نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، بالخصوص دوطرفہ تربیت اور حالیہ مشترکہ منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت کے ساتھ ہوا بازی کی صنعت میں تعاون کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے کے لیے جاری حکمت عملیوں اور فریم ورک سے آگاہ کیا جس میں نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی شمولیت، اہم انفراسٹرکچر کو تقویت دینے اور تربیتی شعبے کی ایک جامع تنظیم نو شامل ہے جس سے عصرحاضر کے فضائی جنگی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے گا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے فضائی مشق انڈس شیلڈ میں ترک فضائیہ کی شرکت کو سراہتے ہوئے دوطرفہ عسکری تعاون، اسٹریٹجک اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں ترک فضائیہ کے کمبیٹ کمانڈر جنرل اسماعیل گنیکیا نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے مابین موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے ممتاز ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ترک لڑاکا پائلٹس کو ٹیکٹیکل مہارت سے لیس کرنے کے لیے سینٹر کے کمبیٹ کمانڈرز کورس میں ان کی تربیت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

دونوں ممالک کی فضائی فوج کے سربراہان نے دوطرفہ اور کثیر الملکی فضائی مشقوں، بالخصوص جدید دور کے تکنیکی منصوبوں کے ذریعے تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

PAF

اسلام آباد

Pakistan Air Force

air cheif marshal

Zaheer Ahmed Baber Sidhu

Air Chief Marshal Zaheer Ahmad Babar

COMBAT COMMANDER TURKISH AIR FORCE

General Ìsmail Güneykaya