Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سگریٹ نوشی کرنے والوں کیلئے بری خبر: ’دماغ سکڑ رہا ہے‘

محققین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
شائع 13 دسمبر 2023 08:33pm

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ سگریٹ/تمباکو نوشی دماغ کے سکڑنے کا باعث بن رہی ہے۔

یہ انکشاف سینٹ لوئس میں وقع واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے محققین کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں کیا گیا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشی ترک کرنے سے دماغی بافتوں کے مزید نقصان کو روکا تو جاسکتا ہے لیکن پھر بھی، سکڑ چکے دماغ کو اس کے اصل سائز میں بحال نہیں کیا جا سکتا۔

محققین نے کہا کہ لوگوں کا دماغ قدرتی طور پر عمر کے ساتھ ساتھ حجم میں کم ہوتا جاتا ہے، لیکن سگریٹ نوشی تیزی سے دماغ کو وقت سے پہلے بوڑھا کر دیتی ہے۔

”بائیولوجیکل سائیکائٹری: گلوبل اوپن سائنس“ میں شائع ہونے والے تحقیق کے نتائج یہ بتانے میں مدد کرتے ہیں کہ تمباکو نوشی کرنے والوں کو عمر سے متعلقہ زوال اور الزائمر کی بیماری کا زیادہ خطرہ کیوں ہوتا ہے۔

کسی شخص کے سگریٹ نوشی کے تقریباً نصف خطرے کو اس کے جینز سے بھی منسوب کیا جا سکتا ہے۔

جین، دماغ اور رویے کے درمیان تعلق کو دیکھنے کیلئے محققین نے ایک بڑے یورپی بائیو میڈیکل ڈیٹا بیس سے ڈیٹا لے کر اس کا تجزیہ کیا۔

اس تجزیے میں انہوں نے پایا کہ تمباکو نوشی اور دماغی حجم کے درمیان تعلق خوراک پر بھی منحصر ہے، ایک شخص جتنا زیادہ تمباکو نوشی کرتا ہے، اس کے دماغ کا حجم اتنا ہی کم ہوتا ہے۔

جن لوگوں نے برسوں پہلے سگریٹ نوشی چھوڑ دی تھی، ان لوگوں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرتے ہوئے محققین نے پایا کہ ان کا دماغ ان لوگوں کے مقابلے میں مستقل طور پر چھوٹا رہتا ہے جنہوں نے کبھی سگریٹ نوشی نہیں کی تھی۔

Smoking

Brain Shrinking

Smoking Dangers