Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

جنوبی افریقہ کی ’کنٹری گرل‘ زاہرا 36 سال کی عمر میں چل بسیں

زہرا نے 2011 میں اپنا البم لولیو (Loliwe) جاری کرنے کے بعد مختصر زندگی میں بےحد شہرت حاصل کی
شائع 13 دسمبر 2023 10:53am
تصویر: زاہرا/انسٹاگرام
تصویر: زاہرا/انسٹاگرام

زاہرا کے نام سے مقبول جنوبی افریقہ کی ایوارڈ یافتہ افریقی پاپ گلوکارہ بولیلوا مکتوکانا 36 سال کی عمر میں چل بسیں۔

زاہرا کو جنوبی افریقہ کی ’کنٹری گرل‘ کے نام سے جانا جاتا تھا کیونکہ ان کی پرورش مشرقی کیپ کے دیہی صوبے میں ہوئی۔

گلوکارہ کو چند روز قبل جگر کی پیچیدگیوں کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ وزیرِثقافت زیزی کوڈوا کے مطابق حکومت کچھ عرصے سے ان کے اہلِ خانہ کی مدد کر رہی تھی۔

زاہرا نے 2019 میں نشے کی لت میں مبتلا ہونے کاانکشاف کیا تھا، تاہم نشہ چھوڑنے کے باوجود اس کے اثرات باقی تھے۔ گلوکارہ کو گزشتہ ماہ اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

جنوبی افریقی ذرائع ابلاغ کے مطابق زاہرا کا انتقال پیر کی رات جوہانسبرگ کے ایک اسپتال میں ہوا۔

زہرا نے 2011 میں اپنا البم لولیو (Loliwe) جاری کرنے کے بعد اپنی مختصر زندگی میں بہت شہرت حاصل کی، وہ پورے افریقہ میں شہرت رکھتی تھیں۔

زیزی کوڈوا نے گلوکارہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ زہرا اور اس کے گٹار نے جنوبی افریقی موسیقی میں ناقابلِ یقین اور دیرپا اثر ڈالا۔

ایکس صارفین ٹرینڈنگ ہیش ٹیگ #RIPZahara کے ساتھ ان کی موت پر تعزیت کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔ مداحوں کا ماننا ہے کہ زاہرا نے اپنی موسیقی سے بہت سی روحوں کو شفا بخشی۔

زاہرا کی موت کی افسوسناک خبر اہلِ خانہ نے گلوکارہ کے انسٹاگرام پر پوسٹ کی اور بتایا کہ ’زاہرا 11 دسمبر 2023 کو اس دنیا سے چلی گئی۔ وہ ایک پاکیزہ روح اور خالص دل رکھتی تھی‘۔

گلوکارہ نے اپنے لکھے گیتوں سے جنوبی افریقہ میں خواتین کو درپیش تشدد کیخلاف آواز اٹھانے کے لیے بھی اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کیا۔

death

South Africa

singer

Song

lifestyle

#RIPZAHARA