Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

توشہ خانہ کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت خارج، نیب نے گرفتاری ڈال دی

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالا جیل میں کیس کی سماعت کے بعد محفوظ فیصلہ سنا دیا
شائع 13 دسمبر 2023 08:58pm

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان عبوری ضمانت خارج کردی، قومی احتساب بیورو (نیب) نے ان کی گرفتاری ڈال دی جبکہ عدالت نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت بھی 20 دسمبرتک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔

جج محمد بشیر نے عمران خان کی عبوری ضمانت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنادیا گیا۔

عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کر تے ہوئے فیصلے میں کہا کہ بادی النظر میں توشہ خانہ تحائف وصولی میں بے قاعدگیاں ہوئیں۔

عدالت نے اپنے حکم میں مزید کہا کہ عمران خان کا توشہ خانہ کیس میں جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا، ریمانڈ کے باوجود سابق وزیراعظم جیل میں ہی رہیں گے اور ان سے جیل میں ہی تفتیش ہوگی۔

نیب نے ضمانت خارج ہونے کے بعد توشہ خانہ کیس میں بھی سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری ڈال دی۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہا کہ سابق پی ٹی آئی چیئرمین کا کل توشہ خانہ کیس میں جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا ہے کہ رات 8 بجے عبوری ضمانت خارج کرنا عجب تماشہ ہے تاہم ریمانڈ کے باوجود عمران خان اڈیالہ جیل میں ہی رہیں گے تاہم نیب ان سے تفتیش یہیں کرسکے گی۔

خیال رہے کہ توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان عبوری ضمانت پر تھے۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت بھی 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔

القادر ٹرسٹ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کی سماعت بھی 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔

accountability court

اسلام آباد

imran khan

Toshakhana

tosha khana case

judge mohammad bashir

Tosha Khana Criminal Proceedings Case

Toshakhana Criminal Case

IMRAN KHAN Adiyala Jail