Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی تیل کمپنی آرامکو نے پاکستانی فیول انڈسٹری میں انٹری دے دی

آرامکونے ”گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ“ (جی او) کے 40 فیصد حصص حاصل کر لیے
شائع 12 دسمبر 2023 05:43pm

دنیا کی معروف اور مربوط توانائی اور کیمیکل کمپنیوں میں سے ایک سعودی تیل کمپنی ”آرامکو“ نے ”گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ“ (جی او) کے 40 فیصد حصص حاصل کر لیے ہیں۔

سعودی تیل کمپنی نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ آرامکو نے ”جی او“ کے 40 فیصد حصص حاصل کرنے کے لیے حتمی معاہدوں پر دستخط کر لیے ہیں۔

جی او ایک متنوع ڈاؤن اسٹریم فیول، لبریکنٹس اور فیسیلیٹی اسٹورز آپریٹر ہے اور پاکستان کی سب سے بڑی ریٹیل اور اسٹوریج کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

آرامکو کے مطابق یہ معاہدہ کچھ روایتی شرائط بشمول ریگولیٹری منظوری کے ساتھ مشروط ہے۔

یہ معاہدہ آرامکو کی ایندھن کی پاکستانی خوردہ منڈی میں پہلی انٹری ہے، آرامکو بین الاقوامی سطح پر اپنی ڈاؤن اسٹریم ویلیو چین کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی کو آگے بڑھا رہا ہے۔

آرامکو نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’یہ معاہدہ آرامکو کو اپنی بہتر مصنوعات کے لیے اضافی آؤٹ لیٹس محفوظ بنانے اور ویلوولین برانڈڈ لبریکینٹس کے لیے نئے مارکیٹ مواقع فراہم کرنے کے قابل بنائے گا‘۔

آرامکو ڈاؤن اسٹریم کے صدر محمد القحطانی کا کہنا ہے کہ ’اس سال ہمارا دوسرا منصوبہ بند خوردہ حصول آرامکو کی ڈاون اسٹریم توسیعی حکمت عملی کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے، جس میں دنیا بھر میں مربوط ریفائننگ، مارکیٹنگ، لبریکنٹس، ٹریڈنگ اور کیمیکل پورٹ فولیو کو فروغ دینے کے لیے ایک واضح راستہ ہے۔جی او کے پاس ذخیرہ کرنے کی قابل قدر گنجائش، اعلیٰ معیار کے اثاثے اور ترقی کی صلاحیت ہے، جو پاکستان میں آرامکو برانڈ کو شروع کرنے میں مدد کرے گی‘۔

Aramco

Gas & Oil Pakistan Ltd (GO)