Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی

عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ اور نیب پراسیکیوٹر نے ابتدائی دلائل دیے
شائع 12 دسمبر 2023 04:35pm

توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔

آج سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ اور نیب پراسیکیوٹر نے ابتدائی دلائل دیے۔

بعدازاں عدالت نے فریقین کے مزید دلائل کے لیے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی تھی۔

توشہ خان کیس کیا ہے ؟

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی ابتدا اس وقت ہوئی جب مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر محسن نواز رانجھا نے عمران خان کے خلاف ایک ریفرنس دائر کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس آئین کے آرٹیکل 63 (ٹو) کے تحت دائر ہونے والے ریفرنس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان نے سرکاری توشہ خانہ سے تحائف خریدے مگر الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثہ جات کے گوشواروں میں انھیں ظاہر نہیں کیا، اس طرح وہ ’بددیانت‘ ہیں، لہٰذا انھیں آئین کے آرٹیکل 62 ون (ایف) کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

یہ ریفرنس موصول ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے چار اگست 2022 کو الیکشن کمیشن کو یہ ریفرنس بھیجا جس میں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عمران خان کی نااہلی کی سزا کی استدعا کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن نے اس ریفرنس پر کارروائی کی اور 21 اکتوبر 2022 کو دیے گئے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سابق وزیرِ اعظم نے تحائف کے بارے میں ’جھوٹے بیانات اور بے بنیاد‘ اعلانات کیے۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف فوجداری کارروائی کے آغاز کا فیصلہ دیا۔

اس فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں اس ضمن میں درخواست دائر کی جس میں عمران خان کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں اس کے بعد سے اس کیس (توشہ خانہ) کی سماعت کا آغاز ہوا اور رواں برس 10 مئی کو عمران خان پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔ یہ وہ دن تھا جب عمران خان القادر ٹرسٹ کیس میں زیر حراست تھے۔

مزید پڑھیں

توشہ خانہ کیس: نیب نے بشریٰ بی بی کو آخری موقع دے دیا

توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بحال

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید، 5 سال کی نااہلی اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

اسلام آباد

imran khan

Toshakhana

tosha khana case

judge mohammad bashir

Tosha Khana Criminal Proceedings Case

Toshakhana Criminal Case