Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

اسٹمپ اُڑ گئی پھر بھی بلے باز ناٹ آؤٹ، کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا واقعہ

آن فیلڈ امپائرز بھی سر کھجانے پر مجبور ہوگئے۔
شائع 11 دسمبر 2023 05:46pm

اگر آپ کرکٹ کے شوقین ہیں تو جانتے ہوں گے کہ اگر بالر وکٹ اڑانے میں کامیاب ہوجائے تو فوراً آؤٹ دے دیا جاتا ہے۔ لیکن کیا کبھی آپ نے ایسا دیکھا ہے بالر نے لیگل بال سے مڈل اسٹمپ اڑا دیا ہو لیکن پھر بھی آؤٹ نہ دیا جائے؟

سننے میں عجیب لگتا ہے لیکن ایسا ہی ایک عجیب واقعہ آسٹریلا میں ایک میچ کے دوران پیش آیا، جس نے امپائر سمیت تمام دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو چکرا دیا۔

آسٹریلیا میں مقامی ”ACT پریمیئر کرکٹ تھرڈ گریڈ“ میچ کے دوران بولر نے مڈل اسٹمپ کامیابی سے اڑایا لیکن لیکن حیران کن طور پر بیلز گرنے کے بجائے اپنی جگہ برقرار رہے۔

دی کینبرا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گننڈرا کرکٹ کلب کے باؤلر اینڈی رینالڈز نے حریف ٹیم کے اوپنر میتھیو بوسٹو کو کلین بولڈ کیا اور مڈل سٹمپ پر گیند لگتی دیکھ کر جشن منانا شروع کر دیا، جبکہ بوسٹو نے بھی ڈگ آؤٹ کی طرف چلنا شروع کر دیا۔

لیکن امپائر نے دیکھا کہ اسٹمپ اڑنے کے باوجود بیلز ابھی بھی اپنی جگہ پر موجود ہیں اور گرے نہیں۔

اس کے بعد دونوں آن فیلڈ امپائروں کے درمیان طویل بات چیت ہوئی اور آخر میں بوسٹو کو کھیل کے قوانین کی وجہ سے ناٹ آؤٹ قرار دے دیا گیا۔

میریلیبون کرکٹ کلب کے قانون کے مطابق ’وکٹ اس وقت ٹوٹی قرار پائے گی جب اسٹمپ کے اوپر سے کم از کم ایک بیل مکمل طور پر ہٹ جائے یا ایک یا زیادہ اسٹمپس زمین سے اکھڑ جائیں‘۔

لیکن اس مقع پر نہ تو بیلز نیچے گری تھیں اور نہ ہی درمیانی اسٹمپ زمین سے اکھڑی تھی۔

اگر بیل نہ گرنے کے باوجود اسٹمپ زمین سے اکھڑ جاتی تو بلے باز کو آؤٹ قرار دے دیا جاتا۔

حریف ٹیم ویسٹس کلب کے کپتان سیم وائٹ مین نے بعد میں اعتراف کیا کہ اس ڈلیوری میں جو کچھ سامنے آیا تھا وہ اسے دیکھ کر حیران رہ گئے اور بعد میں اس بلے باز کے بچ جانے پر مایوس ہوئے۔

سوشل میڈیا پیج ’ThatsSoVillage‘ نے اس واقعے کی وائرل تصویر کو بھی شیئر کیا۔

شائقین نے رینالڈس کو سب سے بدقسمت بولر قرار دیا۔

Cricket Australia

Not Out

Bells not fallen