Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

20 دسمبر سے بندرگاہوں پر 2 لاکھ ٹن اضافی یوریا کھاد پہنچنے سے کمی ختم ہوگی، محسن نقوی

یوریا کھاد کے ذخیرہ اندوزوں خلاف کارروائی جاری ہے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب
شائع 10 دسمبر 2023 07:16pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ انشاء اللہ 20 دسمبر سے ہماری بندرگاہوں پر 2 لاکھ ٹن اضافی یوریا کھاد پہنچ جائے گی جس سے کمی ختم ہوگی۔

لاہور میں بند روڈ پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم سے یوریا کھاد کی کمی پورا کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے، انہوں نے وفاقی وزراء کو اس حوالے سے ہدایات جا ری کردی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یوریا کھاد کے ذخیرہ اندوزوں خلاف کارروائی جاری ہے، ہماری کوشش ہے کہ یوریا کھاد کی جلد سے جلد کمی پوری ہوجائے۔ مارکیٹ میں جس جگہ یوریا کھاد کی کمی ہے انشاء اللہ جلد کمی پوری ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت مکمل ہونے پر میں اورمیری ٹیم اپنے گھر روانہ ہوجائیں گی۔ جو بھی اگلا وزیراعلی آئے گا، انشا ء اللہ ہم سے بھی بہتر کام کرے گا۔

نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بند روڈ پراجیکٹ بہت بڑا پراجیکٹ ہے، 24 فیصد مکمل ہو چکا ہے، باقی انشاء اللہ وقت پر مکمل ہوجائے گا، بند روڈ پراجیکٹ کے حوالے سے وقتاً فوقتاً پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

محسن نقو ی نے کہا کہ امامیہ کالونی پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان سے بات چیت ہوئی ہے، وزیراعظم امامیہ کالونی پراجیکٹ کو بہت جلد مکمل کرانے کیلئے کوشاں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فری لانسرز کی انٹرنیشنل سرٹیفکیشن کے لئے پراجیکٹ شروع کردیا گیا ہے، حکومت پنجاب 50 سے 60 ڈالر خرچ کرکے فری لانسرز کی انٹرنیشنل سرٹیفکیشن کروائے گی۔

food inflation

CARETAKER CM PUNJAB

agricultural

Urea fertilizer