Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

غزہ میں کتنے اسرائیلی فوجی مارے گئے، اسرائیلی اخبار نے تعداد افشا کردی

غزہ میں بڑے زمینی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک 99 فوجی ہلاک ہو چکے، اسرائیل
شائع 09 دسمبر 2023 11:31pm

اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 7 اکتوبر کو حماس اسرائیل جنگ شروع ہونے کے بعد سے دو ہزار اسرائیلی فوجی معذور جبکہ 5 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق جنگ میں اب تک کم از کم 420 فوجی مارے جاچکے ہیں۔

اسرائیلی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں لڑائی کے دوران مزید چار فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 31 اکتوبر کو غزہ میں بڑے زمینی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک 99 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ان میں سے 27 گزشتہ ہفتے ختم ہونے والی لڑائی میں ایک دن کے وقفے کے بعد شروع ہونے والی کارروائی مارے گئے تھے۔

غزہ میں حماس کے پاس یرغمال اسرائیلی فوجی سار باروچ کے اہل خانہ نے اس کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

حماس کے مسلح ونگ، قسام بریگیڈز نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ 25 سالہ نوجوان اسرائیلی فوج کی جانب سے اس کی بازیابی کی کوشش میں کیے گئے ایک ناکام آپریشن میں مارا گیا۔

گروپ نے اس کی موت کی دستاویزی ویڈیو بھی جاری کی۔

فوٹیج میں ایک شخص کا کہنا ہے کہ اسے 40 دن تک قید میں رکھا گیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ویڈیو نومبر کے وسط میں ریکارڈ کی گئی ہو گی۔

ویڈیو کا اختتام خون آلود لاش کی لرزہ خیز تصاویر کے ساتھ ہوتا ہے جو اسی اسیری کی دکھائی دیتی ہے۔

دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنگ سے تباہ حال فلسطینی علاقے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 17,700 ہو چکی ہے۔

جبکہ اسرائیلی حملوں میں مزید 48,780 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

Hamas

Gaza War

Israeli soldiers

Wounded Israeli Soldiers

Dead Israeli Soldiers