Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان نے جونئیر ہاکی ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

پاکستان اور بلجیم کے درمیان پول کا میچ برابر رہا
شائع 09 دسمبر 2023 09:27pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ پی ایچ ایف
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ پی ایچ ایف

پاکستان نے جونئیر ہاکی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، پاکستان اور بلجیم کے درمیان پول کا میچ برابر رہا۔

ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں جونئیر ہاکی ورلڈ کپ کے مقابلے جاری ہیں، پول کا آخری میچ پاکستان اور مضبوط حریف بیلجیئم کے درمیان کھیلا گیا جو انتہائی دلچسپ رہا اور مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا۔

بیلجیئم کے کھلاڑی جیک نے پہلے کوارٹر کے تیسرے منٹ میں ہی پاکستان کے خلاف ملنے والے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول کرکے بیلجیئم کو برتری دلا دی تھی۔

پاکستان کو کھیل کے 17 ویں اور 27 ویں منٹ میں پینلٹی کارنرز لگانے کا موقع ملا لیکن پاکستانی ڈریگ فلکر ارباز احمد گول پوسٹ میں گیند پھینکنے میں ناکام رہے۔

پہلے ہاف کے اختتام تک بیلجیئم کو پاکستان پر ایک گول کی برتری حاصل رہی۔ پاکستان کو کھیل کے 42 ویں منٹ میں ایک اور پینلٹی کارنر ملا جس پر ارباز احمد نے تیز رفتار ڈریگ فلک کے ذریعے گول کرکے بیلجیئم کی برتری کا خاتمہ کردیا۔

میچ کے اختتام تک اسکور 1-1 گول سے برابر رہا، میچ برابر ہونے کے بعد پاکستان نے پول میں 5 پوائنٹس کے ساتھ کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔

پاکستان کے گروپ سے ہالینڈ بھی کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہا، بہتر گول اوسط پر پاکستان نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، پاکستان اپنے پول میں 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔

جونئیر ہاکی ورلڈ کپ: ڈی جی اسپورٹس پنجاب کی قومی ٹیم کو مبارکباد

پاکستان ٹیم کے جونئیر ہاکی ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے پر ڈی جی اسپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

ڈی جی اسپورٹس پنجاب نے کہا کہ قومی ٹیم نے بیلجیم کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا ہے، امید ہے اگلے میچز بھی قومی ٹیم شاندار پرفارمنس سے جیتے گی، پوری قوم ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔

Malaysia

kuala lumpur

quarter final

Pakistan Hockey Team

junior hockey world cup

pakistan vs belgium