Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا جنرل باجوہ کو توسیع کی پیشکش کا اعتراف

جلد ہی سیاسی اتحاد کی صورتحال واضح ہو جائے گا، پرویز خٹک
اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2023 08:45pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع کی پیشکش ضرور کی لیکن غیر معینہ مدت کی توسیع کی بات درست نہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ نے سیاسی حریفوں کے نام پیغام میں کہا کہ نوشہرہ کی سات نشستیں ہیں چیلنج کرتا ہوں کہ تمام نشستیں جیت کر دکھاؤں گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے جنرل باجوہ کو توسیع کی پیشکش کی لیکن اس وقت تک دیر ہوچکی تھی اور پانی سر سے اوپر ہوچکا تھا، جنرل باجوہ کو غیرمعینہ مدت تک کی توسیع کی پیشکش کی بات درست نہیں۔

انھوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ماضی میں ان سے وزارت داخلہ کا وعدہ کرکے مکر گئے، وہ جھوٹے ہیں، اور صدر پاکستان بننے کی بھی پیشکش کی گئی جسے انہوں نے ٹھکرا دیا تھا۔

پارٹی ٹکٹ کی تقسیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین نے کہا کہ جو بھی سیٹ جیتنے کی اہلیت رکھتا ہے اسے ٹکٹ دیں گے، چاہے وہ میرے گھر سے کیوں نہ ہو۔

سیاسی حریفوں کو جواب، ’نوشہرہ کی 7 نشستیں جیتنے کا چیلنج‘

پشاور میں پارٹی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نوشہرہ کی سات نشستیں ہیں چیلنج کرتا ہوں کہ تمام نشستیں جیت کر دکھاؤں گا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ 40 سال سے سیاست کررہا ہوں، اپنے 7 انتخابی حلقے میں گزشتہ 10 سال سے جیت رہا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کھبی اپنی انتخابی نشست پر الیکشن نہیں ہارا، اس بار بھی انتخابی حلقے میں بنیاد مضبوط ہے۔ ضلع نوشہرہ میں تمام نشتیں جیت کر دکھاؤں گا۔

انھوں نے کہا کہ عوام ہم پر اعتماد کر رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہوں، سیاسی اتحاد کی صورتحال اب واضح نہیں، جلد ہی سیاسی اتحاد کی صورتحال واضح ہو جائے گا۔

پرویز خٹک کی سربراہی میں منعقدہ تقریب کے دوران ملک یوسف نے پی ٹی آئی پارلیمینٹرین میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس سے قبل ملک یوسف اے این پی کے تحصل رزڑ صوابی کے نائب صدر تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نوشہرہ میں پی ٹی آئی کنونشن کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس سے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے خطاب کیا اور سیاسی حریفوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

’پرویز خٹک اپنے آپ کو فرعون کہنے والا لوٹے سے بھی گرا ہوا نکلا‘

انھوں نے چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمینٹرین پرویز خٹک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ شکر ہے اس فرعون سے جان چھوٹی، پرویز خٹک اپنے آپ کو فرعون کہنے والا لوٹے سے بھی گرا ہوا نکلا، بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ آپ لوگوں نے اس فرعون کو ملیا میٹ کرنا ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل رہنما شیر افضل مروت نے یہ بھی کہا تھا کہ جنید خان کو دیر میں ضمانت کے بعد چترال لے جایا گیا لیکن کے پی کے حکومت اگر جنید اکبر کو کچھ ہوا تو ہم صوبے میں آگ لگائیں گے۔

Pervez Khattak

sher afzal khan marwat

Election 2024