Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کابینہ کے 3 وزراء گواہ بن گئے

190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی
شائع 09 دسمبر 2023 08:42pm

نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف 59 گواہان کی فہرست سامنے آگئی جبکہ سابق وزیراعظم کابینہ کے 3 وزراء گواہ بن گئے۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس میں59 گواہان کے نام سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کا کوئی وفاقی وزیر بانی پی ٹی آئی کے خلاف گواہ نہیں بنا، پی ٹی آئی کابینہ میں سے صرف 3 وفاقی وزراء ہی نیب کے گواہ بنے، ریفرنس کے گواہان میں پرویز خٹک، ندیم افضل چن اور زبیدہ جلال شامل ہیں۔

پرویز خٹک، ندیم افضل چن، زبیدہ جلال، اعظم خان کا ایک ایک صفحے پر مشتمل بیان ہیں، سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان بھی وعدہ معاف نہیں بنے بلکہ بطور گواہ شامل ہوئے۔

ذرائع کے مطابق نیب کے دیگر گواہان میں بینک، ایس ای سی پی افسران اور پٹواری بھی شامل ہیں، ایسٹ ریکوری یونٹ کے سیکریٹری کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں، سپرنٹنڈنٹ وزیراعظم آفس ندیم بٹ بھی گواہ کے طور پر سامنے آگئے، القادر ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیف فنانشل افسر بھی نیب کے گواہ بن گئے۔

190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل میں زبیدہ جلال کے نیب ٹیم کے سامنے اہم انکشافات

نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے کہ سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے قومی احتساب بیورو (نیب) ٹیم کے سامنے اہم انکشافات کر دیے اور کہا کہ کابینہ ممبران نے 190 ملین پاؤنڈز کی تحقیقات کرانے کی سفارش کی تھی۔

سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے یہ انکشافات نیب ٹیم کے 190 ملین پاؤنڈز کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے سامنے کیے۔

نیب ٹیم نے زبیدہ جلال کے بیان کو اپنی تفتیشی رپورٹ کا حصہ بنالیا اور رپورٹ کے مطابق کابینہ ممبران نے 190ملین پاؤنڈز کی تحقیقات کرانے کی سفارش کی تھی، زبیدہ جلال نے نیب ٹیم کو بتایا میں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ملک ریاض سمیت ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری، عمران خان کو پیش کرنے کا حکم

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل: نیب نے عمران خان سمیت 5 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

رپورٹ میں کہا گیا کہ زبیدہ جلال کا مؤقف تھا کہ 190ملین پاؤنڈز پاکستان کا اثاثہ ہے واپس آنا چاہیئے، بیشتر ارکان کابینہ کا کہنا تھا 190 ملین پاؤنڈز واپس لینے کی بات کرنی چاہیئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کابینہ ممبران نیب تحقیقات میں شامل ہوئے اور اپنے اسی مؤقف کو دہرایا۔

زبیدہ جلال نے انکشاف کیا کہ میرے اصرار کے باوجود عمران خان نے بطور وزیراعظم کسی کی ایک نہ سنی، 190 ملین پاؤنڈز اور این سی اے کا معاملہ کچھ کابینہ ارکان کے شدید تحفظات کے باوجود منظور کیا گیا۔

نیب کو دیے گئے اپنے بیان میں زبیدہ جلال نے یہ بھی کہا کہ اس سنجیدہ معاملے پر بغیر کسی بحث کے ایجنڈا منظور کرلیا گیا اور 190 ملین پاؤنڈز معاملے کو خفیہ رکھنے کی منظوری دی گئی۔

NAB

اسلام آباد

190 million pounds scandal

zubaida jalal