Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’خواتین دوسری شادی کیلئے پیغامات بھجواتی ہیں‘ ، مولانا طارق جمیل

' خواتین مردوں کی کمزوری ہیں لیکن اپنے آپ پر سخت کنٹرول رکھنا چاہیئے'۔
شائع 08 دسمبر 2023 10:21am
تصویر: فائل فوٹو
تصویر: فائل فوٹو

پاکستان کے ممتازعالمِ دین مولانا طارق جمیل نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ خواتین انہیں اب بھی دوسری شادی کیلئے پیغامات بھجواتی ہیں۔

حال ہی میں مولانا طارق جمیل نے ایک انٹرویو میں شرکت کے دوران دوسری شادی نہ کرنے کی وجہ پر روشنی ڈالی۔

شو کے میزبان نے جب دوسری شادی نہ کرنے سے متعلق سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میری ایک ہی شادی ہے جو کہ ارینج ہوئی تھی، مجھے پچھلے سال تک خواتین دوسری شادی کیلئے پیغامات بھجواتی تھیں‘۔

اپنی اہلیہ سے متعلق مولانا طارق جمیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میری زندگی بہت مشکل گزری ہے، اس مشکل زندگی میں میری اہلیہ نے میرا بھرپور ساتھ دیا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھ سے زیادہ میری اہلیہ کی زندگی مشکل تھی کیونکہ میں ہمیشہ تبلیغ کے لیے باہر رہتا تھا لیکن وہ اکیلے ہی ہمارے بچوں اور گھر والوں کی دیکھ بھال کرتی تھیں‘۔

مولانا طارق جمیل نے بتایا کہ ’میں اپنے کسی بھی بچے کی پیدائش کے موقع پر موجود نہیں تھا، لہٰذا یہی وجہ ہے کہ میں نے دوبارہ شادی کرنے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا‘۔

انہوں نے انٹرویو کے دوران یہ بھی انکشاف کیا کہ ’خواتین کی جانب سے شادی کی پیشکش کے باوجود میں نے کبھی اس پر غور نہیں کیا، خواتین مردوں کی کمزوری ہیں لیکن اپنے آپ پر سخت کنٹرول رکھنا چاہیے‘۔

خیال رہے کہ مولانا طارق جمیل پاکستان کے معروف عالم دین ہیں، وہ اپنے دینی بیانات کی وجہ سے دنیا بھر میں بہت پسند کیے جاتے ہیں۔

ایک بین الاقوامی میگزین کی رپورٹ کے مطابق مولانا طارق جمیل دنیا کے 32 ویں بااثر ترین مسلمان ہیں۔

رواں سال اکتوبر کے اختتام پر میں مولانا طارق جمیل کو گہرا صدمہ پہنچا جب ان کے صاحبزادے عاصم جمیل انتقال کر گئے تھے۔

Interview

lifestyle

islamic scholar

Second Marriage

Molana Tariq Jamil

Proposals