Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

انتخابی شیڈول 14 دسمبر کو سامنے آنے کا امکان

ڈی آر اوز، آر اوز کی تعیناتی کیلئے ضلعی انتظامیہ سے افسران کو طلب کیا جائے گا۔
شائع 08 دسمبر 2023 08:54am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی چھپائی اور ترسیل کا کام بھی کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔

مقامی روزنامے ڈان سے بات کرتے ہوئے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ شیڈول کا اعلان ممکنہ طور پر 14 دسمبر کو کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران (آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آر اوز) بھی تعینات کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چاروں صوبوں کی ہائیکورٹس نے جوڈیشل افسران کو ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی کے لیے فارغ کرنے سے انکار کر دیا تھا اور اب ان فرائض کی انجام دہی کے لیے ضلعی انتظامیہ سے افسران کو طلب کیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنرکا پیغام

قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حتمی انتخابی فہرستوں کی چھپائی اور ترسیل کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے اورمحکمہ اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹرز کو انتخابی عمل کے دوران مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کراتا ہے۔ آئندہ انتخابات میں پرائیویسی اور شفافیت کے ساتھ عوام کے حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔

سکندر سلطان راجہ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کرنے اور ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کی تقرری کی تیاری کر رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کا نئی حلقہ بندیوں کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ

چیف الیکشن کمشنر نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ملک کے روشن مستقبل کی تشکیل میں حصہ لیں۔ ووٹرز کو انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات سے متعلق بے بنیاد خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کا حصہ بننا قومی فریضہ بھی ہے۔ الیکشن کمیشن 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ پرامن انتخابات کے انعقاد کی یقین دہانی کرواتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے تعاون کی درخواست کی۔

واضح رہے کہ ووٹرز کا قومی دن 7 دسمبر کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد عوام میں ووٹ کے اندراج کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور رائے دہندگان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ اپنی پسند کے نمائندوں کو منتخب کرنے کے لئے بیلٹ کی طاقت کا استعمال کریں۔

Chief Election Commissioner

election schedule

Election 2024