Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، مرتضیٰ سولنگی

کسی جماعت کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کرنے کا اختیار عوام کا ہے، وفاقی وزیر
شائع 07 دسمبر 2023 09:04pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، اس بارے میں کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سکیورٹی ضروریات پوری کریں گے۔

کراچی میں نگراں صوبائی وزیر اطلاعات احمد شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطے کا کوئی فقدان نہ ہو، اس حوالے سے صوبوں کے اطلاعات کے وزراء کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کرنے کا اختیار عوام کا ہے، پاکستان کے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے پالیسی فیصلے کرنا منتخب پارلیمان کا کام ہے، ہماری کوشش ہے کہ جب سے ہمیں حکومت ملی ہے، اس کے بعد سے حالات خراب نہ ہوں، ہم بہتر حالت میں ملک منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کرانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے اور ہم الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی مدد فراہم کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دو ماہ کے مختصر عرصے میں کراچی کے کئی دورے کئے ہیں، نگران وزیراعظم نے پچھلے دنوں کراچی کا دورہ کیا، یہاں قیام بھی کیا اور تاجروں سے ملاقات بھی کی۔ آج بھی وزیراعظم کراچی کا دورہ کر رہے ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا صوبوں اور مختلف شہروں میں جانے کا اچھا ریکارڈ ہے، آپ نے اتنا فرینڈلی وزیراعظم کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سکیورٹی کے خدشات ہر الیکشن میں رہے ہیں، 2008ء میں الیکشن مہم کے دوران سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت ہوئی تھی، 2013ءکے انتخابات میں بھی سکیورٹی کا چیلنج موجود تھا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایسی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی جس کو ہمارے سکیورٹی ادارے کنٹرول نہ کر سکیں۔

Pakistan Politics

Murtaza Solangi

Election 2024