Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کینیڈا: ہندی فلم کی نمائش کے دوران نقاب پوش افراد نے سنیما گھروں میں زہریلے مادے کا اسپرے کردیا

فلم کے دوران اچانک نقاب پوش افراد نے اسپرے کرنا شروع کردیا جس سے لوگوں کی حالت غیر ہوگئی، پولیس
شائع 07 دسمبر 2023 06:10pm

کینیڈا کے تین مختلف سنیما گھروں میں ہندی فلموں کی اسکریننگ کے دوران زہریلے مادے کا چھڑکاؤ کردیا گیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گریٹر ٹورنٹو کے تین مختلف علاقوں میں نقاب پوش افراد کی جانب سے زہریلا مادہ اسپرے کیا گیا، جس کے بعد تھیٹرز کو خالی کرنا پڑا۔

خوش قسمتی سے ان واقعات میں کوئی بڑا حادثہ رونما نہیں ہوا۔

یارک ریجنل پولیس کے مطابق ایسا ہی ایک واقعہ منگل کی رات وان کے ایک فلم تھیٹر میں بھی پیش آیا۔

پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ، ’ماسک پہنے دو افراد نے تھیٹر میں ایروسول پر مبنی اسپرے شروع کردیا جس کے بعد وہاں موجود افراد کو شدید کھانسی شروع ہوگئی‘۔

پولیس کے مطابق تھیٹر کے اندر تقریباً 200 لوگ موجود تھے اور اس وقت ایک ہندی فلم چل رہی تھی۔

واقعے کے بعد، لوگوں کو تھیٹر سے نکالا گیا اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ تاہم ملزمان پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

مشتبہ افراد کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ پہلا مشتبہ شخص سیاہ فام تھا جس کی جلد کی رنگت قدرے ہلکی تھی جب کہ دوسرے شخص کو براؤن (دیسی لوگوں کیلئے استعمال ہونے والا لفظ) بتایا گیا تھا۔

سی بی سی نیوز کے مطابق، یارک پولیس اس ہفتے پیش آنے والے اسی طرح کے دیگر واقعات کے بارے میں پیل اور ٹورنٹو پولیس دونوں سے رابطے میں ہے۔

یارک پولیس کے ایک افسر نے بدھ کو کہا کہ ’اتفاق سے، یہ سب ایک ہی شام تین گھنٹے سے بھی کم وقت میں ہوا‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم یقینی طور پر اس امکان کو دیکھ رہے ہیں کہ ان واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا واقعات کی تحقیقات نفرت پر مبنی جرم کے طور پر کی جائے گی، ایک مقامی پولیس افسر نے کہا، ’اس بات کا کوئی واضح اشارہ نہیں ہے کہ یہ نفرت پر مبنی جرم ہے، لیکن ہم نے احتیاط کے طور پر اپنے نفرت پر مبنی جرائم کی روک تھام کے یونٹ کو مطلع کر دیا ہے اور وہ اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔‘

canada

cinema house

unknown gas spray