Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

چڑیا گھر میں ٹائیگر کے پنجرے میں جاں بحق شہری ریکارڈ یافتہ ملزم نکلا

ٹائیگرز نے سب سے پہلے گردن پر حملہ کیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ
اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2023 11:55pm
Case of of a citizen death due to tiger in the zoo - report came out - Aaj News

بہاولپور کے چڑیا گھر میں ٹائیگرز کے حملے میں جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت ریکارڈ یافتہ ملزم سے ہوگئی جبکہ لاش کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق شہری کی جانب سے مزاحمت کے شواہد بھی ملے ہیں۔

بہاولپور میں گزشتہ روز چڑیا گھر میں ٹائیگرز کے پنجرے میں شہری مردہ حالت میں پایا گیا تھا، ابتدائی طور پر لاش کی شناخت نہ ہوسکی تھی تاہم اب شناخت کرلی گئی ہے۔

واقعے کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دن ساڑھے گیارہ بجے چڑیا گھر کا سوئپر صفائی کیلئے شیر ہاؤس گیا تو واقعے کا علم ہوا۔

بہاولپور کے چڑیا گھر میں بنگال ٹائیگرز کے ہاتھوں جاں بحق شہری کی شناخت محمد بلاول کے نام سے ہوگئی۔ شہری مکان نمبر 225 بلاک 5 سیکٹر 2 گرین ٹاون لاہور کا رہائشی ہے۔

فرانزک ٹیم کو جائے حادثہ سے ہلاک ہونے والے شہری کا ایک پرائیویٹ کارڈ ملا جس پر شہری محمد بلاول کی ملازمت اور دیگر تفصیل درج تھی۔

ٹائیگرز کے ہاتھوں مارا گیا شہری پولیس کا ریکارڈ یافتہ نکلا ، شہری کے خلاف 3 مقدمات لاہور کے مختلف تھانوں میں درج ہیں اور چالان بھی ہوچکا ہے۔

شہری کی شناخت کے حوالے سے ریکارڈ بہاولپور پولیس نے لاہور پولیس کو بھیج دیا ہے۔

دوسری طرف جاں بحق شہری کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔ ہوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ٹائیگرز نے شہری کی گردن پر حملہ کرکے اُسے موت کے گھاٹ اتارا۔

مارنے کے بعد خونخوار ٹائیگرز نے شہری کے جسم کے متعدد حصےکھائے۔

پوسٹ ماٹم سے یہ بھی پتہ لگا کہ حملے کے دوران شہری نے مزاحمت کی کوشش بھی کی تاہم ٹائیگرز کی تعداد زیادہ تھی جس کے باعث شہری ٹائیگرز کے چُنگل سے خود کو نہ چُھڑا پایا۔

گزشتہ روز واقعے کے بعد نگراں وزیر اعلی پنجاب نے واقعے کا نوٹش لیتے ہوئے کمشنر بہاولپور سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی جبکہ کمشنر بہاولپور نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی سربراہی میں 3 رُکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جو ہر پہلو سے اس واقعے کا جائرہ لے کر ذمے داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گی۔

کیوریٹر چڑیا گھر علی بخاری نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات فرانزک ٹیموں سمیت دیگر ادارے کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ابھی تک اس بات کا تعین نہیں کیا گیا کہ ٹائیگرز کے جنگلے کے اطراف دو سکیورٹی جالی اور خار دار تار نصب تھی جس کے باوجود بلاول نامی شخص کس طرح ٹائیگرز کے جنگلے میں داخل ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے پر ذمے داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Bhawalpur

Punjab police

Zoo