کراچی عرشی مال آتشزدگی: سلنڈر سے آگ بھڑکی اور سب کچھ لپیٹ میں آگیا،عینی شاہدین
کراچی کے علاقے عائشہ منزل پر واقع عرشی مال میں لگنے والی آگ نے گراؤنڈ فلور پر موجود دکانوں سے شاپنگ سینٹر کے اوپر موجود فلیٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عینی شاہدین نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ آگ میٹریس کی دکان میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، دکان میں فوم کے گدے ہونے کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی اور متاثرہ دکانوں کے اوپر رہائشی فلیٹس تک پہنچ گئی۔
متاثرہ عمارت میں رہنے والی ایک خاتون الماس طلحہٰ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ وہ چوتھی منزل پر رہائش پذیر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمیں بلڈنگ کے چوکیداروں نے بحفاظت نکالا، ایمرجنسی میں ہمارے ہاتھ جو بھی آیا ہم لے کر نیچے خیریت سے آگئے، دعا ہے کہ ہمارے گھر محفوظ رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اللہ کا شکر ہے عمارت میں رہائش پذیر تمام افراد بحفاظت نکل آئے ہیں، اس کا کریڈٹ بلڈنگ کے چوکیداروں کو جاتا ہے۔
ایک اور عینی شاہد دکاندار کا کہنا ہے کہ آگ کپڑے کی دکان میں سلنڈر لیک ہونے سے لگی، زاہد نامی دکان دار اپنی دکان میں گیس سلنڈر سے کام کررہا تھا کہ آگ لگ گئی، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری مارکیٹ کو لپیٹ میں لے لیا۔
عینی شاہد نے بتایا کہ دکاندار پانی کا کولر لینے بھاگا اتنے میں پوری مارکیٹ میں آگ پھیل گئی، زاہد نامی دکاندار جھلس کر زخمی ہوا، آگ سے 15 سے زائد موٹر سائیکلیں جل کرتباہ ہوئیں، مزید موٹرسائیکلیں آگ لگنے سے تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ عائشہ منزل کے قریب عرشی مال کی دکانوں میں شام تقریباً چھ بجے آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی فلیٹوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے باعث 2 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
Comments are closed on this story.