Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی رہنماؤں کی گھروں پر چھاپے، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او چارسدہ کو نوٹس جاری

وکیل پی ٹی آئی عدالت نے جو آرڈر کیا ہے وہ آڈر شیٹ لے آئیں، پشاور ہائی کورٹ
شائع 06 دسمبر 2023 04:30pm

پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنماوں کے گھروں پر چھاپے مارنے پر چارسدہ کے ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر کو نوٹس جاری کردیے۔

پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما فضل شکور اور خالد خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

درخواست گزاروں کے وکیل شاہ فیصل اتمانخیل ایڈوکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ فضل شکور اور خالد خان کے خلاف جو مقدمات ہیں ان میں عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے، لیکن پی ٹی آئی نے ورکرز کنونشن شروع کئے تو دوبارہ ان کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

وکیل شاہ فیصل نے کہا کہ درخواست گزاروں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، یہ پتہ بھی نہیں کہ ان کے خلاف کیا کیسز ہیں۔

جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ کل اور کیسز بھی ہے ان میں الیکشن کمیشن کو طلب کیا ہے اس کے ساتھ ان کو بھی سنے گے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ایسی نوعیت کے کیسز کل بھی تھے ان میں عدالت نے 12 دسمبر کی تاریخ دی ہے، ان کیسز میں عدالت نے درخواست گزاروں کو ہراساں نہ کرنے، سرپرائز نہ دینے اور ان کو قانون کے مطابق ڈیل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت درخواست گزاروں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ وہ آڈر شیٹ لے آئیں، عدالت نے جو آرڈر کیا ہے وہی ان کیسز میں بھی ہوگا۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر چارسدہ اور ڈی پی او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

peshawar