Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

العزیزیہ ریفرنس : نواز شریف کی سزا بڑھانے کے لیے نیب اپیل پر سماعت کل ہوگی

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سماعت کریں گے
شائع 06 دسمبر 2023 01:56pm
قائد ن لیگ نوازشریف۔ فوٹو:فائل
قائد ن لیگ نوازشریف۔ فوٹو:فائل

نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل دائر کررکھی ہے، جس پر سماعت کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا بڑھانے کے لیے نیب اپیل پر سماعت کل ہوگی۔

رجسڑار آفس نے کاز لسٹ جاری کررکھی ہے، جس کے تحت نیب کی اپیل پر سماعت 7 دسمبر کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کریں گے۔

واضح رہے کہ 24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، اور نواز شریف نے احتساب عدالت سے سزا کیخلاف اپیل دائر کررکھی ہے، جب کہ نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل دائر کر رکھی ہے۔

العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل

سابق وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو سزامعطل کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر 24 اکتوبر 2023 کو نگراں پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی منظوری دے دی تھی۔

مزید پڑھیں:

العزیزیہ کیس میں سزا کیخلاف نوازشریف کی اپیل سماعت کے لیے مقرر

توشہ خانہ کیس میں نوازشریف کے وارنٹ معطل، ضمانت منظور

سزا معطلی کے حوالے سے تفصیلات

محکمہ داخلہ پنجاب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کرنے کا نوٹیفکیشن 25 اکتوبر کو جاری کیا۔ جس میں بتایا گیا کہ نواز شریف کی درخواست پر فیصلے کے لیے نگران کابینہ نے وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی، اس کمیٹی نے نواز شریف کے وکلاء امجد پرویز، عطاء تارڑ اور ڈاکٹر عدنان کو شنوائی کا موقع دیا۔

نوازشریف کی جانب سے سزا معطلی کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی طبعیت مکمل ٹھیک نہیں ہے اور وہ جیل نہیں کاٹ سکتے۔

صوبائی وزراء، بیوروکریٹس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور دیگر پر مشتمل کمیٹی نے اجلاس کے بعد سفارشات تیار کیں۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ماضی کی بعض مثالوں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں سزا معطل کرنے کی سفارش کی، جس کی نگراں وزیراعلیٰ اور کابینہ نے منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ کی منظوری کے بعد ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی ہدایت پر نوازشریف کی سزا معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

Al Azizia Reference

Avenfield Apartments and Al Azizia references