Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سوشل میڈیا پر وائرل ایس ایم ایس کوڈز کے حوالے سے نادرا کا بیان جاری

اب آپ گھنٹوں انتظاریا جلدی کام کیلئے ایجنٹوں کے چکرمیں پڑنے کے بجائے گھر بیٹھے بنیادی معلومات حاصل کرسکتے ہیں
اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2023 06:39pm

نادرا نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں بتائی گئی مختلف ایس ایم ایس سروسز کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ نادرا صرف تین قسم کی ایس ایم ایس سروس فراہم کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں بتایا گیا تھا کہ نادرا نے عوام کی سہولت کے لیے چند مخصوص ایس ایم ایس کوڈز جاری کئے ہیں، جن پر میسج کرکے مطلوبہ معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

ویڈیوز میں بتایا گیا کہ ان کوڈز کے ذریعے آپ جان سکتے ہیں کہ آپ فائلر ہیں یا نان فائلر، آپ کا نام ووٹنگ لسٹ میں ہے یا نہیں، آپ کی گاڑی کس کے نام پر ہے، آپ کا شجرہ نصب کیا ہے، وغیرہ اور بہت کچھ۔

ویڈیوز میں کہا گیا کہ تمام تر معلومات گھر بیٹھے بس ایک ایس ایم ایس کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔۔۔ اور تو اور شوہر پر ٹھوس وجوہات کی بناء پرشک وشبہ رکھنے والی بیگمات بھی گھر بیٹھے یہ چیک کرسکتی ہیں کہ کہیں ان کے سرتاج نے دوسری شادی تو نہیں کر رکھی۔

ویڈیوز میں بتائے گئے مخصوص کوڈز اوران سے حاصل ہونے والی معلومات کی تفصیل آپ ذیل میں دیکھ سکتے ہیں۔

اپنی گاڑی کا چیسز نمبر 8521 پر ایس ایم ایس کریں، آپ کو پتہ چل جائے گا آپ کی گاڑی چوری کی تو نہیں ہے۔

اپنا شناختی کارڈ نمبر 7000 پر ایس ایم ایس کریں، آپ جان جائیں گے کہ آپ کے نام پر کوئی جعلی کارڈ تو نہیں بنا ہوا۔

اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں، اس سے آپ کو علم ہوجائے گا کہ کہ آپ کا نام ووٹر لسٹ میں درج ہے یا نہیں اور اگرہے تو کہاں درج ہے۔

اپنا شناختی کارڈ نمبر 668 پر ایس ایم ایس کرنے سے آپ جان سکتے ہیں کہ آپ کے شناختی کارڈ پر کون سے نیٹ ورک کی کتنی سِمیں ہیں۔

اپنے شناختی کارڈ کے نمبر سے پہلے ”ATL“ لکھیں، اس کے بعد اسپیس دے کر 9966 پر ایس ایم ایس کریں، آپ کو پتہ چل جائے گا کہ آپ فائلر ہیں یا نان فائلر ۔

شناختی کارڈ نمبر 8009 پر ایس ایم ایس کریں، آپ کو اپ کا شجرہ نصب پتہ چل جائے گا۔

شناختی کارڈ 1166 پر ایس ایم ایس کرنے سے یہ بھی معلوم کیا جاسکتا ہے کہ کرونا ویکسین لگ چکی ہے یا نہیں۔

شناختی کارڈ نمبر 8500 پر بھیج کر آپ اپنا صحت کارڈ چیک کر سکتے ہیں۔

صحت سہولت کارڈ سے متعلق جاننے کیلئے 9780 کریں۔

اور احساس رجسٹریشن کیلئے 8171 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجیں۔

شوہر کی دوسری شادی کا پتہ چلانے کے لیے اپنے موبائل فون سے شوہر کا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8009 پر بھیجیں تو تمام معلومات سامنے آجائیں گی کہ شوہر کی کتنی بیویاں اور بچے ہیں۔

تاہم اب نادرا نے ان ویڈیوز کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’نادرا کی ایس ایم ایس سروسز کے بارے میں انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی مختلف وڈیوز کے ذریعے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں جو ایک غیراخلاقی فعل ہے اور غیرذمہ دارانہ صحافت کی عکاسی کرتا ہے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’نادرا کی تین ایس ایم ایس سروسز اس وقت کام کر رہی ہیں جن کے ذریعے شہریوں کو درج ذیل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں‘۔

نادرا نے ان سروسز کے حوالے سے بتایا کہ ’8009 یہ موبائل ٹیگنگ کی سروس ہے۔ شہری اپنے موبائل فون نمبر کا اندراج اپنے شناختی کارڈ پر کرانے کے لئے متعلقہ موبائل نمبر سے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8009 پر ایس ایم ایس کر سکتے ہیں‘۔

بیان کے مطابق ’1166 اس سروس کے ذریعے شہری اپنے ویکسین ریکارڈ کی تصدیق کر سکتے ہیں‘۔

بیان میں بتایا گیا کہ ’8300 الیکشن کمیشن کے اشتراک سے کام کرنے والی نادرا کی اس سروس کی بدولت شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیج کر اپنے ووٹ اندراج کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اس کے علاوہ نادرا کی کوئی ایس ایم ایس سروس کام نہیں کر رہی۔ شہریوں سے التماس ہے کہ اس طرح کی غلط خبروں پر یقین نہ کریں اور نادرا خدمات اور سہولیات کے بارے میں کسی بھی معلومات کے لئے نادرا ہیلپ لائن 051-111786100 پر رابطہ کریں‘۔

NADRA

SMS Codes

SMS Services