Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جان بوجھ کر طیارہ گرانے پر یوٹیوبر کو جیل بھیج دیا گیا

یوٹیوبر نے جہاز کا ملبہ کس طرح ٹھکانے لگایا؟
شائع 05 دسمبر 2023 08:05pm

امریکی سنو بورڈر اور خطرناک کھیلوں کے شوقین ٹریور جیکب کو ویڈیو کیلئے جان بوجھ کر اپنا طیارہ کریش کرنے اور اس واقعے کے بارے میں امریکی تفتیش کاروں سے جھوٹ بولنے پر 6 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ یوٹیوبر سنسیشن اور سابق اولمپک ایتھلیٹ جیکب نے دسمبر 2021 میں ایک ویڈیو کیلئے اپنا ہوائی جہاز جان بوجھ پر کریش کیا تھا۔

اس ویڈیو میں، انہیں ایک سیلفی اسٹک تھامے ہوائی جہاز سے باہر چھلانگ لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

فیڈرل پراسیکیوٹر نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ جیکب نے ’ممکنہ طور پر یہ جرم اپنے لیے سوشل میڈیا اور خبروں کی کوریج پیدا کرنے اور مالی فائدہ حاصل کرنے کے لیے کیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس قسم کے ’ڈیئر ڈیول‘ طرز عمل کو برداشت نہیں کیا جا سکتا‘۔

جیکب کا کہنا ہے کہ اس نے جان بوجھ کر ہوائی جہاز کو کریش نہیں کیا، دوران پرواز اس نے محسوس کیا کہ جہاز کو لینڈ کرانے کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی، اس لیے انہیں ہنگامی طور پر پیراشوٹ کا استعمال کرتے ہوئے جہاز سے نکلنا پڑا۔

امریکی محکمہ انصاف نے انہیں تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے ارادے، تباہی اور ایک سنگین جرم چھپانے پر ایک معاہدے کے حصے کے طور پر مجرم قرار دیا۔

10 دسمبر 2021 کو جیکب ایک دوست کے ساتھ طیارے کے حادثے کی جگہ پر گیا اور ملبہ اکٹھا کیا، اور اسے چھوٹے حصوں میں کاٹ کر ٹکڑوں کو ٹھکانے لگا دیا۔

ایک بیان میں، جیکب نے کہا کہ ’یہ تجربہ بہت عاجزانہ رہا ہے‘ اور انہوں نے اپنی سزا کو ’صحیح فیصلہ‘ قرار دیا۔

جیکب نے کہا کہ اس نے ویڈیو کو پروڈکٹ اسپانسر شپ ڈیل کے لیے فلمایا تھا۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اپریل 2022 میں جیکب کے پائلٹ کا لائسنس منسوخ کر دیا تھا۔

پیر کی رات جیکب نے ایک ویڈیو پوسٹ کی کہ اسے اپنے پائلٹ کا لائسنس واپس مل گیا ہے لیکن اسے جیل میں وقت گزارنا پڑے گا۔

Youtuber

Plane Crash

jailed

Trevor Jacob