Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خلیج تعاون کونسل سربراہ اجلاس : اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار

اسرائیلی وزیر اعظم غزہ میں انسانیت کیخلاف جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں، ترک صدر
شائع 05 دسمبر 2023 08:05pm
دوحہ :  خلیج تعاون کونسل کی 44 ویں سربراہ کانفرنس۔ (سپلائیڈ)
دوحہ : خلیج تعاون کونسل کی 44 ویں سربراہ کانفرنس۔ (سپلائیڈ)

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سربراہ اجلاس میں غزہ میں اسرائیلی اقدامات کو عالمی قوانین اور عالمی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔

دوحہ میں جی سی سی کی 44 ویں سربراہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں دیگر سربراہان مملکت سمیت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی شرکت کی۔

جی سی سی رہنماؤں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی مذمت کرنے کے ساتھ کہا کہ ممبر ممالک غزہ میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ اراکین کی جانب سے اسرائیل کی فلسطینی عوام کے خلاف کھلی جارحیت پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس میں سربراہوں نے خطے کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی نہ کی گئی تو پورے خطے پر اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ سربراہ کانفرس میں فلسطینی عوام کی مدد جاری رکھنے کے ساتھ غزہ کے رہائشیوں کی مشکلات کم کرنے کا عزم کیا گیا۔

کانفرنس کے آخر میں اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ چھ ملکی کونسل کے اراکین نے اسرائیل کی غزہ میں جاری فوجی کارروائی کی مذمت کی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ صیہونی جارحیت سے ایک جانب شہری بے گھر ہوئے تو دوسری جانب انفرا اسٹرکچر بھی تباہ کردیا گیا ، رہائشی عمارتیں، اسکول، اسپتال اور عبادت گاہیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ غزہ کے رہائشیوں کے مسائل کو حل کیا جائے۔

اعلامیے میں غزہ میں فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر جنگ بندی کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے سربراہ کانفرنس سے خطاب میں غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیتن یاہو اپنے سیاسی مستقبل کیلئے پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔

جی سی سی کے تمام ممبر ممالک نے غزہ کی تعمیر نو میں مدد کرنے پر اتفاق کیا۔ اور ساتھ ہی خلیج تعاون کونسل نے زور دیا کہ عالمی برداری کردار ادا کرکے غزہ میں جنگ بند کرائے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنائے۔

جی سی سی کونسل کے اعلامیے میں امریکا اور مصر کی شراکت داری سے قطر کی کوششوں کی تعریف کی گئی۔ ان کاوشوں سے انسانی بنیادوں پر غزہ میں جنگ بندی کی گئی تھی۔

Recep Tayyip Erdogan

Muhammad bin Salman

Israel Palestine conflict

Gaza War