Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

نامورکلاسیکل گلوکار حسین بخش گلو انتقال کر گئے

حسین بخش گلو طویل عرصے سے علیل تھے، اہل خانہ
شائع 05 دسمبر 2023 01:44pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

نامورکلاسیکل گلوکار حسین بخش گلو انتقال کرگئے، وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔

دنیا بھر میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے نامور کلاسیکل گلوکار حسین بخش گلو انتقال کرگئے ہیں، ان کی عمر 75 برس تھی اور اہل خانہ کے مطابق حسین بخش گلو طویل عرصہ سے علیل تھے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے برصغیر کے نامور گلوکار استاد حسین بخش خان گُلو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ استاد حسین بخش گلو کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ استاد حسین بخش گلو دنیا بھر میں اپنی آواز کا جادو جگاتے رہے، ان کے انتقال سے آج کلاسیکل موسیقی کا ایک درخشاں باب بند ہو گیا۔

واضح رہے کہ استاد حسین بخش گلو شام چوراسی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، وہ پٹیالہ گھرانے کے مشہور و معروف گلوکار استاد نتھو خان کے فرزند تھے، جو استاد بڑے غلام علی خان کے بھی استاد تھے۔

استاد حسین بخش گلو لائٹ کلاسیکل اور غزل گائیکی پر پورا عبور رکھتے تھے، اور ایک بہت اچھے موسیقار بھی تھے، وہ ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے علاوہ دنیا بھر میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور ہر جگہ پر اپنی گائیکی کے نقش چھوڑ آئے۔

حکومت پاکستان نے 14 اگست 2010 میں ان کے فن کے اعتراف میں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔

Classical singer