Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کوئی پالس میں تصاویر وائرل ہونے پر لڑکی کو قتل کرنے والا چچا گرفتار

ایف آئی اے، سائبر کرائم ویڈیو اپ لوڈنگ پر بدستور تفتیش کر رہا ہے، ڈی پی او مختیار تنولی
اپ ڈیٹ 05 دسمبر 2023 07:24am

کوہستان میں جرگے کے فیصلے پر لڑکی کے قتل کے واقعے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے لڑکی کے چچا کو گرفتار کرلیا ہے۔

ڈی پی او مختیار تنولی کا کہنا ہے کہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر لڑکی کو قتل کیا گیا تھا، بھتیجی کو قتل کرنے والے چچا کو گرفتار کر لیا ہے۔

مختیار تنولی کے مطابق ملزم کو بشام میں مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، مجسٹریٹ نے ملزم کو چار روز کے لئے پولیس کی تحویل میں دیا ہے۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مقتولہ کا والد پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، لڑکی کو خاندان کے افراد کی مشاورت پر قتل کیا گیا تھا۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے، سائبر کرائم ویڈیو اپ لوڈنگ پر بدستور تفتیش کر رہا ہے، واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کو بہت جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا میں کوہستان کے ضلع کولئی پالس میں ایک اور حوا کی بیٹی انا کی بھینٹ چڑھ گئی تھی، سوشل میڈیا پر لڑکے کے ساتھ مبینہ طور پر تصاویر وائرل ہونے پر جرگے کے فیصلے پر 18 سالہ لڑکی کو قتل کر دیا گیا تھا۔

نگراں وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا ارشد حسین شاہ نے واقعہ کا نوٹس لے کر ایڈیشنل چیف سیکرٹری سے رپورٹ طلب کی تھی۔

خیال رہے کہ کولئی پالس کے علاقے شریال میں قتل کی گئی ریا بی بی اور ایک دوسری لڑکی کی ویڈیو اور تصاویر ایک لڑکے کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس پر مقامی لوگوں نے لڑکی کے ورثاء کی مشاورت سے فیصلہ کرکے ریا بی بی کو قتل کر دیا تھا۔

پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 109 (جرم کیلئے اُکسانا)، 302 (قتل عمد یا پہلے سے سوچے سمجھے قتل کی سزا) اور 311 (قصاص کی چھوٹ کے بعد سزا) کے تحت قتل کی ایف آئی آر درج کی۔

Jirga

kohistan

KPK Police

KP Law and Order Situation