چمن : سربراہ پی ٹی ایم منظور پشتین گرفتار
چمن میں پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ پولیس، لیویز اور ایف سی باب چمن کے قریب معمول کی چیکنگ کر رہے تھے، منظور پشتین کے ساتھ مسلح افراد نے گاڑی روکنے کے بجائے اہلکاروں پر چڑھائی اور فائرنگ کی۔
ڈی سی کے مطابق اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں منظور پشتین کی گاڑی کے ٹائر پر فائرنگ کی، منظور پشتین اور ان کے ہمراہ مسلح افراد گاڑیاں بھگا کر فرار ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے بعد ایک گودام سے منظور پشتین کو گرفتار کیا گیا، فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ منظور پشتین کے خلاف درج کر لیا گیا۔
دوسری طرف ترجمان پی ٹی ایم کا کہنا ہے کہ منظور پشتین نے آل پارٹیز تاجر محنت کش دھرنے سے آج خطاب کیا، دھرنے سے کوئٹہ جاتے ہوئے اہلکاروں نے منظور پشتین کی گاڑی پر چمن پریس کلب کے قریب فائرنگ کی، گاڑی پر 8 گولیاں لگیں، ایک خاتون زخمی ہوگئی جو کہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پی ٹی ایم کا کہنا ہے کہ منظور پشتین ساتھیوں کو لے کر واپس چمن شہر آئے اور خود کو گرفتاری کے لیے پیش کیا۔
Comments are closed on this story.