Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس 62 ہزار کی سطح عبور کرگیا

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 44 پیسے کمی
اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2023 11:09pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)مسلسل اضافے کے بعد ایک اور نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس 801 پوائنٹس اضافے کے بعد پہلی بار 62 ہزار کا سنگ میل بھی عبور کرگیا ہے۔

100 انڈیکس اس بڑے اضافے کے بعد 62 ہزار 493 کی بلند سطح پر بند ہوا ہے جو کہ جمعے کے روز 61 ہزار 691 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

او جی ڈی سی اور پی پی ایل جیسے انڈیکس ہیوی شیئرز میں 4 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا۔ آٹو اسمبلرز، کیمیکل، کمرشل بینک، تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز اور ریفائنری بھی سبز رنگ میں تھے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مسلسل خریداری اور ادارہ جاتی حمایت کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری رہا اور یہ نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

بنچ مارک انڈیکس میں ہفتہ وار بنیادوں پر 2604.90 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ 61000 کی سطح عبور کرکے 61691.25 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

یہ خریداری پاکستانی حکام اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان استاف لیول معاہدے کے بعد ہوئی جو 9 ماہ کے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت پہلے جائزے پر طے پایا تھا۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ کویت اور متحدہ عرب امارات کے معاہدوں سمیت ملک کے مالیاتی اشاریوں میں بہتری، سعودی عرب کی جانب سے ڈپازٹ میں 3 ارب ڈالر کی توسیع اور مالی سال 2024 کے پہلے پانچ ماہ کے لیے ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں کے ہدف نے مارکیٹ کو تقویت دی ہے۔

دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے بعد روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت مزید کم ہوگئی۔

ملکی تبادلہ منڈیوں میں 44 پیسے کمی کے بعد ڈالر 284 روپے 52 پیسے پر بند ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز ڈالر کی قیمت 284 روپے 87 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔

PSX

KSE 100 Index

Pakistan Stock Exchange (PSX)