Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان: شیرانی اور موسیٰ خیل کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

وزیراعلیٰ کا آپریشن میں حصہ لینے والی لیویز ٹیم کوسرٹیفکیٹس اور انعام دینے کا بھی اعلان
اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2023 12:42pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

بلوچستان کے اضلاع شیرانی اور موسیٰ خیل کے جنگلات میں لگی آگ پر تقریباً 15 گھنٹوں بعد قابو پالیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع موسیٰ خیل کے مطابق تحصیل توئی لغاڑہ کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، آگ بجھانے کے لئے لیویز فورس اور مقامی افراد کے تعاون سے رات گئے آپریشن جاری رہا۔

انہوں نے کہا کہ شیرانی اور ضلع موسیٰ خیل کے درمیان پہاڑی سلسلے میں گزشتہ شام آگ لگ گئی تھی جسے آج علی الصبح مکمل قابو پا لیا گیا، دشوار گزار پہاڑی چوٹیوں تک پہنچ کر لیویز فورس اور مقامی لوگوں نے آگ کو بجھانے کے لئے ساری رات جہدوجہد کی۔

ذوالفقار کرار کا کہنا تھا کہ جنگلات میں آگ لگنے کے باعث گزشتہ شب انسانی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا۔

اس حوالے سے نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ گزشتہ سال انہی جنگلات میں کئی دن لگی آگ سے اربوں روپے کے قیمتی جنگلات جل کر تباہی سے دوچار ہوئے۔

میر علی مردان خان ڈومکی کا کہنا تھا کہ گزشتہ شام لگنے والی آگ پر پندرہ گھنٹوں سے کم وقت میں قابو پا کر انسانی آبادی اور قیمتی جنگلات کو بچا لیا گیا، لیویز فورس اور مقامی افراد کے بروقت اقدامات بار آور ثابت ہوئے۔

وزیر اعلٰی بلوچستان نے آپریشن میں حصہ لینے والی لیویز ٹیم کوسرٹیفکیٹس اور انعام دینے کا بھی اعلان کردیا۔

ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل کے مطابق گزشتہ سال بھی انہی جنگلات میں آگ لگی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال مئی میں شیرانی کے جنگلات میں آگ نے چلغوزے کے جنگلات اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچایا تھا، دو ہفتے سے زائد لگی رہنے والی آگ کو بجھانےکے لیے ایران کے فائر فائٹنگ طیارے کی مدد لینا پڑی تھی، آگ کی زد میں آکر تین افراد جھلس کر جاں بحق بھی ہوئے تھے۔

بلوچستان

fire brigade