Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ آزاد ہوگی اور کشمیر پر بھارت کے تسلط کا خاتمہ ہوگا‘

8 فروری عوام کیلئے ظلم کے نظام سے نجات کا دن ہوگا، سراج الحق
شائع 03 دسمبر 2023 04:57pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 8 فروری عوام کیلئے ظلم کے نظام سے نجات کا دن ہوگا۔ غزہ اور کشمیر پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ آزاد ہوگی اور کشمیر پر بھارت کے تسلط کا خاتمہ ہوگا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ گزشتہ 75 سال میں نظام ویسا ہی ہے، چہرے تبدیل ہوتے ہیں، جھنڈے تبدیل ہوتے ہیں اور نعرے تبدیل ہوتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عام پاکستانی کی زندگی میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں ہوتی، نگراں حکومت کے بعد عوام کو کچھ امید ہوتی ہے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری عوام کیلئے ظلم کے نظام سے نجات کا دن ہوگا، چاہتے قوم بیدار ہو جائے۔ الیکشن میں سلیکشن نہیں ہونے دیں گے، اگر جمہوریت ڈی ریل ہو گئی تو دوبارہ ٹریک پر لانا مشکل ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ان دنوں سیاسی جوڑ توڑ عروج پر ہے، جماعت اسلامی الیکشن میں عوام سے اتحاد کرے گی۔ پاکستان پر مافیا کو مسلط کیا گیا اور ہم 8 فروری کو انتخابات کے ذریعے ان کا احتساب کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گزشتہ روز مظفرآباد آزاد کشمیر میں فلسطین و کشمیر مارچ سے بھی خطاب کیا تھا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی مشکلات ایک جیسی ہیں ،دونوں نے ظالم کی مزاحمت کی تاریخ رقم کی، بھارت اور اسرائیل مسلمانوں کے خلاف متحد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ آزاد ہوگی اور اولیا کی سرزمین کشمیر پر بھی بھارت کے تسلط کا خاتمہ ہوگا۔

سراج الحق نے کہا تھا کہ مظفرآباد سے بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں پر مظالم ختم کردیے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمران غزہ پر خاموشی توڑیں اور صیہیونی جارحیت کے خلاف عملی اقدامات کریں۔

Indian occupied Kashmir

Siraj Ul Haq

Gaza War

Election 2024