Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

انوار الحق کاکڑ کی جمہوریہ ایسٹونیا کی وزیراعظم سے ملاقات، دوہرے ٹیکس کے خاتمے پر اتفاق

نگراں وزیراعظم کا اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور
شائع 01 دسمبر 2023 10:54pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور جمہوریہ ایسٹونیا کی وزیر اعظم کاجا کالس کے درمیان ملاقات میں اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور دوہرے ٹیکس کے خاتمے کے کنونشن پر دستخط کرنے سے اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق جمعے کو ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے موقع پر نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے جمہوریہ ایسٹونیا کی وزیر اعظم کاجا کالس سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے باقاعدہ اعلیٰ سطحی مصروفیات اور بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔

نگراں وزیراعظم انوا ر الحق کاکڑ نے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم کاجا کالس نے دونوں اطراف کے درمیان دوہرے ٹیکس کے خاتمے کے کنونشن پر دستخط کرنے سے اتفاق اور اس کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے اعظم نے خوراک کے عدم تحفظ سے نمٹنے اور زرعی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ایسٹونیا کے ساتھ باہمی تعاون پر مبنی روابط خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ تعاون کے شعبوں بشمول تعلیمی اداروں کے مابین تعاون بڑھایا جائے گا۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے فعال ہونے کو سراہتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچائو کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ایسٹونیا کی وزیر اعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی عالمی تشویش کا مسئلہ ہے اور اسے اجتماعی طور پر حل کیا جانا چاہیئے۔

انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی اور خوراک کی حفاظت جیسے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات پاکستان پویلین میں ہوئی، اس ملاقات نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی اہمیت کے دیگر مسائل بشمول موسمیاتی تبدیلی سے لاحق خطرات پر بات چیت کا موقع فراہم کیا۔

مزید پڑھیں

موسمیاتی تبدیلی: خلیجی و مغربی ممالک پاکستان میں متبادل توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، وزیراعظم

دسمبر تک سعودی عرب کے ریکوڈک میں حصص خریدنے کا معاہدہ طے پا جائے گا، وزیراعظم پُرامید

اسلام آباد

Caretaker prime minister

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

Caretaker Prime Minister Anwaar ul Haq Kakar

PM KAKAR

PM ANWAR UL HAQ KAKAR

Prime Minister of the Republic of Estonia

Kaja Kallas