Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور: تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ شبنم کی حالت بگڑ گئی، مالک مکان گرفتار، مرکزی ملزمہ گرفت میں نہ آسکی

ملزم نعمان کے اہلخانہ دھمکیاں دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ انصاف فراہم کریں، اہلخانہ
شائع 01 دسمبر 2023 10:28pm
لاہور: تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ شبنم کی حالت بگڑ گئی، مالک مکان گرفتار، مرکزی ملزمہ گرفت میں نہ آسکی۔ فوٹو ــ فائل
لاہور: تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ شبنم کی حالت بگڑ گئی، مالک مکان گرفتار، مرکزی ملزمہ گرفت میں نہ آسکی۔ فوٹو ــ فائل

لاہور میں تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں گزشتہ دنوں گھریلو ملازمہ شبنم پر تشدد کا واقعہ پیش آیا۔ مبینہ طور پر جلائی جانے والی خاتون کی حالت بگڑ گئی۔

پولیس نے متاثرہ خاتون اور اہلخانہ کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔ مرکزی ملزمہ تاحال پولیس کی گرفت میں نہ آسکی۔

متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ 11 سال سے نعمان کے گھر ملازمت کررہی ہوں، انہوں نے مجھے جلایا ہے اور آگ بھی نہیں بجھائی تھی۔

اہلخانہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ گرفتار ملزم نعمان کے اہلخانہ صلح کیلئے دھمکیوں پر اتر آئے ہیں، وزیراعلیٰ سے اپیل ہے کہ شبنم کو انصاف فراہم کیا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مالک مکان نعمان کی اہلیہ شازیہ نے شبنم سے گرم پانی مانگا تھا، تاخیر ہونے پر گھریلو ملازمہ پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی گئی۔

شبنم کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف دھمکیاں دینے کی دفعات پر بھی مقدمہ درج کیا جائے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل لاہورکے علاقے تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں گھریلو ملازمہ شبنم پر مبینہ تشدد کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے گھر کے مالک نعمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس نے ملزمہ کی قریبی عزیزہ مدعی ردا کی درخواست پر گھر کے مالک نعمان عرف نومی کے خلاف مقدمہ درج کیا جہاں شبنم نامی 40 سالہ ملازمہ گزشتہ 11 سال سے کام کر رہی ہے۔

واقعہ کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون اسپتال میں زیر علاج ہے، خاتون کے جسم پر زخم گرم پانی کے ہیں۔

اس حوالے سے پولیس کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرول ڈال کر جلانے کے کوئی شواہد نہیں ملے، گرفتار ملزم نعمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ابتدائی تفصیلات کے مطابق نعمان کی اہلیہ شازیہ نے گرم پانی مانگنے کی رنجش میں ملازمہ پر مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ متاثرہ خاتون کو لاہور کے میو اسپتال منتقل کیا گیا۔

Punjab police

child torture

Rape Case

rizwana torture case