Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو ڈیل آفر نہیں کی جا رہی، پارٹی کے مزید ٹکڑے ہونگے، فیصل ووڈا

عمران خان خود کو بند گلی میں لے گئے اور نوازشریف کو انتخابات پلیٹ پر رکھ کر دے دیے، سابق وزیر
اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2023 09:00am

سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے منحرف رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ان لوگوں پراعتماد کیا جن پر نہیں کرنا چاہئے تھا، وہ خود کو بند گلی میں لے گئے ہیں اور نوازشریف کو انتخابات پلیٹ پر رکھ کر دے دیے گئے۔

آج نیوز کے پروگرام ’روبرو‘ میں بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے منحرف رہنما فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بد نصیبی ہے کہ اپنے ہاتھ سے اپنی گھر کو آگ لگا دی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی خود کو بند گلی میں لے گئے ہیں اور انہیں پارٹی سربراہی چھوڑنی پڑگئی، جب کہ انتخابات پلیٹ پر رکھ کر نوازشریف کو دے دیئے گئے ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ہی تحریک انصاف ہے، اور تحریک انصاف ہی چیئرمین پی ٹی آئی ہیں۔ ان کی قیادت میں پوری پارٹی متحد تھی، لیکن اب بہت سارے دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے، عمران خان نے ان لوگوں پراعتماد کیا جن پر نہیں کرنا چاہئے تھا۔

فیصل ووڈا نے کہا کہ استحکام پاکستان اور پرویز خٹک کی پارٹی کے بعد پی ٹی آئی کے مزید ٹکڑے ہوں گے، وکلا کے اندر پانچ گروپ ہیں۔ ’پھر بیگم صاحبہ ہیں، پھر بہنیں ہیں ، پھر ورکرز ہیں، پھر جو سیاستدان ہیں۔۔۔‘

فیصل ووڈا نے یہ بھی کہا کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کے بعد بلے کا نشان نہیں ہوگا۔

فیصل ووڈا کا کہنا تھا ان میں سے کچھ اپنی جماعتیں بنائیں گے کچھ دوسری جماعتوں میں چلے جائیں گے۔

پی ٹی آئی دور میں وزیر رہنے والے فیصل ووڈا کا کہنا تھا عمران خان ڈیل کا انتظار کر رہے ہیں لیکن انہیں کوئی ڈیل آفر نہیں کی جا رہی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی وہ سبق بھول گئے جو ہمیں سکھایا تھا، وہ کہتے تھے کہ اپنے فیصلے پر کھڑے رہو، تاریخی فیصلوں سے ملک تاریکی میں ڈوب رہا ہے، نوجوانوں کی سربراہی 80 سالہ شخص نہیں کرسکتا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ 9 مئی کو گولی چلتی تو کہا جاتا کہ اپنے لوگوں پر گولی چلائی گئی، 9مئی کے واقعات سے ملک میں بدامنی پیدا ہونی تھی، لیکن اداروں نے تحمل کا مظاہرہ کیا، اس تحمل کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہئے تھا، کچھ لوگ پریس کانفرنس کرکے بھی آزاد نہیں ہوسکتے۔

pti

rubaroo

faisal vawda