Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

طورخم بارڈر پر کارروائی، ڈالر کی اسمگلنگ میں ملوث منظم گینگ گرفتار

ڈالر کی اسمگلنگ میں کسٹم انسپکٹر کو بھی گرفتار کیا گیا، حکام محکمہ اینٹی کرپشن
شائع 30 نومبر 2023 11:23pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

خیبرپختونخوا محکمہ انسداد بدعنوانی نے طورخم بارڈر پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈالر کی اسمگلنگ میں ملوث منظم گینگ گرفتار کرلیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور سرکل کا کہنا ہے کہ ملزمان کو فارن کرنسی ڈیکلیریشن پوائنٹ سے گرفتار کیا گیا۔

سعد اللہ نے مزید بتایا کہ ڈالر کی اسمگلنگ میں کسٹم انسپکٹر کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ خفیہ اداروں کی اطلاع پر دو دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں کسٹم انسپکٹر واجد اور اسفند یار شامل ہیں، انسپکٹر واجد طورخم بارڈر پر تعینات تھا، ملوث اہلکار کسٹم حکام کی ملی بھگت سے غیر قانونی دھندے میں ملوث تھا، جبکہ ملزم اسفند یار سے 1 لاکھ 23 ہزار امریکی ڈالر برآمد کیے گئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ روزانہ لاکھوں ڈالر کی اسمگلنگ کرتا رہا، ملزم اسفند یار متعدد ایجنٹوں کے ساتھ رابطے میں تھا۔ ملزم ایجنٹوں سے طورخم بارڈر پر واقع کسٹم کے دفاتر میں ڈالر وصول کرتا تھا۔

ملزم 1 لاکھ ڈالر کی اسمگلنگ کی عوض 50 ہزار روپے کمیشن وصول کرتا تھا۔ ملزم نے یہ اعتراف بھی کیا کہ کمیشن کے نام پر حاصل کردہ رقم کسٹم حکام کے حوالے کی جاتی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Anti Corruption Department

dollar vs rupee

KPK Police

dollars smuggling